گورنمنٹ گریجویٹ کالج تلہ گنگ میں لٹریچر فیسٹول کا انعقاد
تلہ گنگ (چوہدری نذر حسین) پہلے تلہ گنگ لٹریچرفیسٹول کا انعقاد گورنمنٹ گریجویٹ کالج تلہ گنگ میں کیا گیا ۔تلہ گنگ میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی۔جس میں ضلع تلہ گنگ کے ادبی، سماجی ، سیاسی شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد تلہ گنگ کے بطور ضلع نئی شناخت کو اجاگر کرنا تھا اور اس کے بھرپور ادبی ورثے کی پزیرائی کرنا تھا تاکہ علاقے کے نوجوان ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس عظیم ورثے سے روشناس بھی ہو سکیں۔ادبی میلے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر تلہ گنگ قرۃ العین ملک نے کیا ۔ لٹریچر فیسٹول میں چار سیشن منعقد ہوئے پہلے سیشن میں تلہ گنگ کی تاریخ ، ثقافت اور مستقبل پر بات ہوئی۔سیشن کے شرکاء میں پروفیسر فتح محمد ملک، ڈاکٹر ثمینہ اعوان، ملک فتح خان، بریگیڈئر (ر) فتح ملک، محترمہ اکبر شاکر ، ملک آفتاب اکبر، ملک کبیر ایڈوکیٹ اور محترمہ عائشہ وقار شامل تھے۔محترمہ نگہت النساء نے اس سیشن کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے ۔کتاب اور صاحب کتاب کے موضوع پر دوسرے سیشن میں ڈاکٹر ستیہ پال آنند اور محترمہ در عزیز ملک نے امریکہ سے آن لائن شرکت کی۔پینل میں موجود پرفیسر افتخار حیدر ملک ، محمد اظہار الحق، تنویر ملک، محمد عمر فاروق ، سعید اختر ملک اور جاوید احمد ملک نے اپنی اپنی کتابوں کے بارے میں اظہار خیال کیا۔اسی سیشن کے دوسرے حصے میں حال ہی میں دنیا سے رخصت ہونے والے سید منظور حیدر شاہ اور ملک صدیق علوی ایڈوکیٹ کے ادبی کام پر مختار منظر، پروفیسر ساجد اقبال اور محترمہ نوشابہ شہزاد نے اظہا ر خیال کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس سیشن کی میزبانی سہیل اعوان اور عون محمد عباس نے کی۔تیسر ے سیشن ضلع کی ترقی میں ذرائع ابلاغ کا کردار اور نوجوانوں کے مواقع کے موضوع پر منعقد ہوا جس میں علاقے کے نوجوانوں کو صحافت کے شعبے میں شامل ہونے اور علاقے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں ان کے کردار پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء میں معرو ف صحافیوں حسنات ملک، سید جواد ہمدانی، چودھری غلام ربانی ، خالہ ملک اور خرم ملک شامل تھے۔طاہر نعیم ملک نے اس سیشن کی میزبانی کی۔دن کے آخری سیشن میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کے متعد د نامور شعراء نے شرکت کی ۔ مشاعرے کی صدار ت معروف شاعر اظہار الحق نے کی۔اس خوبصورت تقریب کے اختتام پر مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ڈھول ، لڈی اور شہنائی کا خوبصورت امتزاج پیش کیا گیا۔
Leave a Reply