مسلم لیگ ن ضلع تلہ گنگ کے قیام کےلئے حافظ عمار یاسر کی کاوشوں کے ساتھ ہے: ملک شہریار اعوان
تلہ گنگ: سابق ممبر صوبائی اسمبلی و ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن ضلع چکوال ملک شہریار اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ضلع تلہ گنگ کے قیام کےلئے حافظ عمار یاسر کی کاوشوں کے ساتھ ہے ۔ ڈیرہ الحاج سلطان خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک شہریار اعوان نے کہا کہ ضلع تلہ گنگ کا قیام کا وعدہ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے دورہ تلہ گنگ میں خود کیا تھا ۔ حالانکہ اسٹیج پر پیش کئے جانے والے سپاسنامہ میں ایسا کوئی مطالبہ نہیں تھا ۔ بعد ازاں مرکز اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت بنی تو دورہ چکوال میں ملک سلیم اقبال نے میاں نواز شریف کو ان کا وعدہ یاد دلایا اور کہا کہ ضلع تلہ گنگ کا قیام عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کو پورا ہونا چاہیے ۔ جس پر حمزہ شہباز شریف کی نگرانی میں کمیٹی قائم کی گئی ۔ جس میں چکوال اور تلہ گنگ سے اس وقت کے ممبران اسمبلی شامل کئے گئے ۔ کمیٹی نے کام شروع کیا تاہم اٹک اور خوشاب والوں نے اپنے علاقے مجوزہ ضلع تلہ گنگ میں شامل کرانے سے معذرت کی جس کے بعد ضلع تلہ گنگ کے قیام کےلئے جاری کام میں تعطل پیدا ہو گیا ۔ ملک شہریار اعوان نے کہا کہ اگر اس وقت پنجاب حکومت ضلع تلہ گنگ کے قیام میں سنجیدہ ہے تو ہم انہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے بھرپور تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہیں ۔ اور اگر کسی بھی مرحلے میں حکومت کو کسی بھی حوالے سے ہماری ضرورت پڑی تو ہم اپنا کردار بھی ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ضلع تلہ گنگ ایک مضبوط اور بڑا ضلع بن کر ابھرے ۔ صرف نوٹیفکیشن نہیں بلکہ ایک مکمل ضلع جس میں تمام تر ضلع کے محکمے اور سہولیات موجود ہیں فنگشنل ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع تلہ گنگ کے قیام میں جہاں کہیں وفاق کی ضرورت پڑی تو وفاقی حکومت کا بھرپور تعاون بھی صوبائی حکومت کو حاصل ہو گا ۔ اور یہ یقین دہانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ہمیں ٹیلی فونک گفتگو میں کرائی ہے ۔ ملک شہریار اعوان نے ملک میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے اتنا نقصان ہو چکا ہے کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ۔ بلاشبہ حکومت اور انتظامیہ اپنا کردار ادا کر رہی ہیں لیکن یہ صرف ان کے بس کی بات نہیں ہے ۔ ہر پاکستانی کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی بہت زیادہ ہے اور اب یہ مزید بڑھے گی لیکن بطور مسلمان اور پاکستانی کے ہمیں ان متاثرین کو بحال کرنے میں اپنا حصہ ضرور ڈالنا ہو گا۔ ملک شہریار اعوان نے علاقہ کے جانوروں میں پھیلی لمپی اسکن بیماری پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غریب کسانوں کا اس بیماری کی وجہ سے بڑا نقصان ہوا ہے ۔ میری حکومت اور محکمہ لائیو اسٹاک سے اپیل ہے کہ لمپی اسکن بیماری پر قابو پانے کےلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں ۔ اور جن غریب کسانوں کا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے ان کو معاوضہ ادا کیا جائے ۔
Leave a Reply