پاک بھارت میچ کولکتہ منتقل، ممتا بینرجی کا خیرمقدم
پاکستان کی حکومت نے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی مرد اور خواتین ٹیموں کی شرکت کو بھارتی حکومت کی سکیورٹی کی ضمانت سے مشروط کر دیا ہے جو ابھی تک نہیں دی گئی ہےT لیکن مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے پاک بھارت میچ کے کولکتہ میں انعقاد پر خوشی ظاہر کی ہے۔ ممتا بینرجی نے بدھ کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ورلڈ ٹی 20 کے پاکستان بھارت میچ کے کولکتہ میں انعقاد پر بہت خوش ہیں اور سب کو اپنے اس خوبصورت شہر میں خوش آمدید کہتی ہیں۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کے سکیورٹی خدشات کے بعد ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 مارچ کو ہونے والا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کر دیا ہے۔ میچ کی کولکتہ منتقلی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کی جانب سے سکیورٹی کی تحریری یقین دہانی کا انتظار ہے۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹی وی پر نریندر مودی کی حکومت پر سخت تنقید کی ہے اور کہا کہ وہ پاکستان کے حقیقی خدشات کو دور کرنے کے لیے یقین دہانی کرانے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی یقین دہانی سے پاکستان مخالف گروپوں کو یہ پیغام مل جائے گا کہ بھارتی حکومت انھیں کسی بھی قسم کی گڑبڑ کی اجازت نہیں دے گی۔ نجم سیٹھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان مخالف مودی حکومت نے کرکٹ اور سیاست کو آپس میں ملا دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے جمعرات کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ پاکستانی ٹیم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیم کی روانگی میں تاخیر اور بے یقینی کی صورت حال کے نتیجے میں کوچنگ سٹاف سخت پریشان ہے کیونکہ اس سے ٹیم کو بھارت پہنچ کر وہاں کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کا مناسب وقت نکلتا جا رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو اپنا پہلا وارم اپ میچ ہفتے کے روز بنگال کی ٹیم سے کھیلنا ہے جبکہ خواتین ٹیم کا پہلا میچ جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف چینئی میں ہے جو اب ممکن نہیں رہا۔
(بشکریہ: بی بی سی اُردو)
Leave a Reply