محمد حفیظ کی فٹنس باعثِ تشویش

Print Friendly, PDF & Email

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین محمد حفیظ کو ڈاکٹروں نے مزید ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے اور ممکن ہے کہ وہ قومی تربیتی کیمپ کے آغاز پر اس میں شمولیت اختیار نہ کر سکیں۔ محمد حفیظ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں جو انھیں ورلڈ ٹی 20 کے دوران ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ محمد حفیظ اسی تکلیف کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ کے فٹنس کیمپ میں بھی حصہ نہیں لے سکے ہیں، جو جمعے کے روز کاکول میں ختم ہو رہا ہے۔ گھٹنے کی تکلیف میں کمی نہ آنے کے سبب یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ انھیں علاج کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے۔ انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 30 مئی سے لاہور میں شروع ہونے والا ہے اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کیمپ کے لیے جن 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جن میں محمد حفیظ بھی شامل ہیں، تاہم انضمام الحق کا کہنا ہے کہ کیمپ میں محمد حفیظ کی شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہو گی۔ انضمام الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد حفیظ ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور وہ ان کے مکمل فٹ ہونے کا آخر وقت تک انتظار کریں گے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان جون کے پہلے ہفتے میں کر دیا جائے گا۔  محمد حفیظ گذشتہ سال ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 782 رنز بنانے والے بیٹسمین تھے جن میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ انھوں نے گذشتہ سال سات ٹیسٹ میچوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 710 رنز بنائے تھے۔

(بشکریہ: بی بی سی اُردو)

Short URL: http://tinyurl.com/h9l42we
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *