یونس خان آئی سی سی ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر
پاکستان کے تجربہ کار بلے باز یونس خان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بہترین ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ یونس خان نے اپنے کریئر کی 33ویں ٹیسٹ سنچری بناتے ہوئے پاکستان کی ویسٹ انڈیز پر ابوظہبی ٹیسٹ میں فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی نئی درجہ بندی میں اس سنچری کی بدولت یونس کی درجہ بندی میں تین درجے کی بہتری آئی ہے اور وہ پانچویں سے دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ یہ یونس کے کریئر کی دوسری بہترین درجہ بندی ہے کیونکہ وہ مارچ 2009 میں سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹرپل سنچری بنانے کے بعد کچھ عرصے کے لیے اس درجہ بندی میں سرفہرست بھی رہ چکے ہیں جبکہ جولائی 2009 میں دوسرے مقام تک بھی پہنچے تھے۔ ٹاپ ٹین بلے بازوں میں ایک اور پاکستانی نام کپتان مصباح الحق کا ہے جو دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ بلے بازوں کی حالیہ درجہ بندی میں آسٹریلیا کے بلے باز سٹیون سمتھ سرفہرست ہیں۔ سمتھ اور یونس کے درمیان 46 پوائنٹس کا فرق ہے۔ یونس کے بعد اس فہرست میں انگلش بلے باز جو روٹ ہیں جبکہ چوتھا نمبر جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ اور پانچواں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا ہے۔
Leave a Reply