نمازجنازہ وتدفین میں شرکت کے آداب واحکام

M. Tariq Nouman Garrangi
Print Friendly, PDF & Email

تحریر: مولانامحمدطارق نعمان گڑنگی

مسلمان کے مسلمان پرجوحقوق ہیں ان میں سے ایک حق یہ بھی ہے کہ جب وہ دنیا سے رخصت ہونے لگے،تودوسرامسلمان اس کے ساتھ ہمدرد پڑوسی،مخلص دوست، عقیدت مند مرید،بے لوث شاگرد،قریبی رشتہ دار،فرماں بردار اولاد اوردینی بھائی ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اس کی وفات کے بعد بھی اس کا اکرام اوراس کے ساتھ حسن سلوک کامظاہرہ کرتے ہوئے اس کی نمازجنازہ اورتدفین میں شرکت کرے،اس کو رخصت کرتے ہوئے قبرتک ساتھ جائے،اس کا اوراہل میت کا جوممکن تعاون ہوکرے اوراس کے لیے استغفارکرے۔
مسلمان کی نمازجنازہ اورتدفین میں شرکت بحیثیت مسلمان ایک مستقل حق ہے،پڑوسی،اہل تعلق،رشتہ دار،قریبی رشتہ داراور نیک وصالح انسان کا جناز ہ ہوتو اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جنازے میں شرکت سے انسان کی بے بسی، برزخ اورآخرت کے احوال یادآتے ہیں،میت کاحق اداہوتاہے، شرکائے جنازہ کی کثرت کی وجہ سے میت کی مغفرت کی امید بڑھ جاتی ہے،اہل میت کے ساتھ ہمدردی وغم خواری میں شرکت اورتجہیز وتکفین ان کی معاونت کا سبب ہوتی ہے۔
فخرکائنات ؐکی عام مسلمانوں کے جنازے میں شرکت
رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم عام مسلمانوں کے جنازوں میں شریک ہوتے تھے،آپ کو اطلاع نہ دینے پر شکایت بھی کیاکرتے تھے،قریبی رشتہ داروں کی قبرمیں اترکر انہیں قبرمیں لٹایابھی کرتے تھے،یا قبرکے کنارے کھڑے ہوکر تدفین میں تعاون اوررہبری فرماتے تھے۔
حضرت سہل بن حنیف ؓ فرماتے ہیں:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کمزورمسلمانوں کے پاس جاتے ان سے ملاقات فرماتے، جب ان میں سے کوئی بیمارہوجاتاتواس کی عیادت وبیمارپرسی فرماتے اوران کے جنازوں میں شرکت فرماتے۔(مستدرک حاکم؛تفسیرسورۃ ق:3735)
نمازجنازہ اورتدفین میں شرکت کااجروثواب
حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جوشخص کسی مسلمان کی نمازجنازہ میں ایمان واحتساب کے ساتھ شرکت کرے،جنازے ہی کے ساتھ رہے؛ یہاں تک اس کی نمازجنازہ پڑھی جائے اوراس کی تدفین کردی جائے،تو وہ دوقیراط کے ساتھ واپس ہوگا، ایک قیراط احدپہاڑکے برابرہوگا،جوشخص نماز جنازہ پڑھ کرتدفین سے پہلے واپس آجائے،وہ ایک قیراط اجرپائے گا۔(رواہ البخاری،کتاب الایمان،باب اتباع الجنائز من الایمان: 47)
ایمان کامطلب یہ ہے کہ اس عمل پر جس اجروثواب کا وعدہ کیاگیاہے اس پرایمان ویقین ہو۔
احتساب کا مطلب یہ ہے کہ ثواب کی نیت ہو، ریاکاری،شہرت،یا مطلب پرستی،یا میت کے اعزہ واقرباء کی شکایت وغیرہ کے خوف سے شرکت نہ کرے بلکہ صرف حصولِ ثواب اوررضاالٰہی کی نیت سے شریک ہو۔
نمازجنازہ میں شرکت پرایک قیراط
حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جوشخص کسی کا جنازہ پڑھے اس کے لیے ایک قیراط ثواب ملتاہے اورجوشخص جنازے کے ساتھ چلے یہاں تک اس کی تدفین ہوجائے تو اس کے لیے مزید ایک قیراط ملے گا۔ایک قیراط یا چھوٹا قیراط احد پہاڑ کے برابرہوگا۔(رواہ الترمذی،باب ماجا ء فی فضل الصلوۃ علی الجنائز: 1040)
حضرت ابوہریرہ ؓ کے شاگردحضرت ابوسلمہ فرماتے ہیں: میں نے یہ حدیث حضرت ابن عمر ؓسے بیان کی،توانہوں نے حضرت عائشہ ؓکے پاس ایک آدمی کو بھیجا اور اس حدیث کی تصدیق چاہی حضرت عائشہ ؓنے فرمایا: ہاں حضرت ابوہریرہ ؓنے حدیث صحیح بیان کی ہے،تب حضرت ابن عمرؓ(افسوس کرتے ہوئے)فرمایا: ہم نے بے شمار قیراط(جنازوں میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے)ضائع کردیئے(کہ عمل نہایت مختصر اوربے پناہ اجروثواب)
حضرت مجاہد فرماتے ہیں: نفل اعمال میں سب سے افضل عمل مسلمان کے جنازے اورتدفین میں شرکت ہے۔(فتح الباری، اتبا ع الجنائز بحوالہ سنن ابی سعید: اتباع الجنائز)
نمازجنازہ میں نمازیوں کی کثرت میت کی مغفرت کا سبب
جنازے میں شرکت کاایک بڑافائدہ یہ ہے کہ جب کسی میت کی نمازجنازہ میں مسلمانوں کی ایک بڑی جماعت شرکت کرتی ہے تو اللہ تعالی اس میت کی مغفرت فرمادیتے ہیں۔مجمع کی کثرت سے مغفرت کی امید پیداہوتی ہے،اگرہماری شرکت سے نمازجنازہ پڑھنے والوں میں اضافہ ہوتاہے جس کی وجہ سے میت کی مغفرت کی امید میں اضافہ ہوتاہے تو شرکت ضرور کرنی چاہئے۔
حضرت ابن عباسؓ کے آزادہ کردہ غلام کریب فرماتے ہیں: مکہ مکرمہ کے قریب مقام قدیدیاعسفان میں آپ کے ایک لڑکے کا انتقال ہوگیاجنازہ تیارکیاگیاپھرآپ نے مجھ سے فرمایا: کریب!دیکھو لوگ جنازے کی نمازکے لیے جمع ہوگئے ہیں؟
میں باہرنکلا اوربتایاکہ لوگ نماز ِجنازہ کے لیے تیارہیں۔ پھرابن عباس ؓنے پوچھا: کیاچالیس افراد جمع ہوئے ہوں گے؟میں نے عرض کیا:جی ہاں،پھرفرمایا: جنازہ باہرلے چلو،میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے
چالیس ایسے مسلمان جواللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتے ہیں جس شخص کی نماز ِجنازہ پڑھیں، اللہ تبارک وتعالی ان کی(میت کے لیے مغفرت کی)شفارش کوضرور قبول فرماتے ہیں۔(رواہ مسلم،باب من صلی علیہ اربعون الخ:948)
حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما:جس میت کی نمازِجنازہ مسلمانوں کی ایک جماعت اداکرتی ہے جس کی تعدادسو(100)ہو،سب میت کے لیے(مغفرت وبخشش کی)سفارش کرتے ہیں،تو اللہ تعالی (میت کے حق میں)ان کی سفارش ضرور قبول فرماتے ہیں (اورمیت کی مغفرت وبخشش فرمادیتے ہیں)(رواہ مسلم،باب من صلی علیہ ماٗۃ الخ:947)
چالیس افرادنمازجنازہ پڑھیں،تو مغفرت کی زیادہ امید
حضرت مرثدبن عبداللہ یزنیؒ فرماتے ہیں: حضرت مالک بن ہبیرہؓ جب کسی جنازے کی نماز پڑھاتے جب مصلیوں کی تعدادکم محسوس فرماتے تو مصلیوں کی تین صفیں بنادیتے پھرفرماتے:میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جس میت کی نماز ِجنازہ تین صفیں پڑھیں،اس کے لیے جنت واجب ہوگئی۔(ترمذی،کتاب الجنائز،باب کیف الصلاۃ علی ا لمیت والشفاعۃلہ: 1028)
حضرت مفتی سعیداحمد صاحب پالن پوری رحمہ اللہ تحریرفرماتے ہیں: اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جس میت کی نمازِجنازہ بڑی جماعت پڑھے،اس کی مغفرت ہوجائے گی اوربڑی جماعت سے مراد مصلی الجنائز کی تین صفیں ہیں جن کی تعدادتقریبا(چالیس تا)سوآدمی ہوتے تھے۔
مالک بن ہبیرہؓ لوگوں کی کمی کی صورت میں حیلہ کرتے تھے اورلوگوں کو تین صفوں میں کھڑاکرتے تھے کیوں کہ رحمت ِ حق بہانہ می جوید،بہانمی جوید۔
حضرت شاہ ولی اللہ صاحب قدس سرہ نے حجۃ اللہ البالغہ میں تحریرفرمایاہے کہ نصوص کی تاویل بعیدغیرمعتبرہے البتہ اگروہ تاویل بعیدکسی فقیہ صحابی سے مروی ہو،تو وہ معتبرہے۔مالک بن ہبیرہؓ صحابی ہیں پس یہ تاویل معتبرہے۔(تحفہ الالمعی:4343)
ان روایات سے معلوم ہواکہ مسلمان کے نمازِجنازہ میں مسلمانوں کی تعدادچالیس کے بقد رہوجائے تو اس کی مغفرت کی امید پیداہوجاتی ہے اورجب نماز پڑھنے والوں کی تعدادسوکے قریب ہویہ امیدمزیدبڑھ جاتی ہے۔
نمازجنازہ میں طاق عدد صفیں بنانابہتر
فائدہ: بعض علما ء نے یہ مسئلہ نکالاہے کہ نمازِ جنازہ میں صفیں طاق ہونی چاہئیں اوراس کابڑااہتمام کرتے ہیں حالاں کہ تین صفوں کے بعد طاق اورجفت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔لفظ ثلاث کا یہ مطلب سمجھنا کہ جنازے میں صفیں طاق ہوں یہ بات صحیح نہیں خواہ صفوں کی جوبھی تعدادہو نماز درست ہے۔(تحفہ الالمعی:4343)
حضرت مفتی سعیداحمدصاحب رحمہ اللہ علیہ اس عبارت کے حاشیے میں تحریرفرماتے ہیں: تعلیم الاسلام 624میں حضرت مفتی کفایت اللہ صاحب رحمہ اللہ نے لکھاہے:اگرآدمی زیادہ ہوں،تو تین یاپانچ، یاسات صفیں بنانابہترہے کیوں کہ حدیث میں ہے:ان اللہ وتر،اللہ تعالی یگانہ ہیں،وہ طاق کو پسند کرتے ہیں یہ ایک عادم ادب ہے جنازے کی صفوف میں بھی اس کا لحاظ رہنا چاہئے مگراس کا واجب کی طرح اہتمام درست نہیں۔(حاشیہ تحفہ الالمعی:4343)
قارئین کرام! ہمیں امیر،غریب،چھوٹے،بڑے،عورت،مرد کے فرق کرنے کے ہر ایک کی نمازِجنازہ میں شرکت کرنی چاہیے۔حدیث بالا سے ہمیں یہ معلوم ہوگیاکہ نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے سے میت ہی کا نہیں شرکاء جنازہ کا بھی فائدہ ہی فائدہ ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں چند روزہ زندگی دین کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین یارب العالمین)

Short URL: https://tinyurl.com/2oe2z7bm
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *