آئی فونز کی فروخت توقع سے زیادہ تاہم منافع میں کمی

امریکی کمپنی ایپل کا کہنا ہے کہ اگرچہ تیسری سہ ماہی میں آئی فونز کی فروخت اور کمپنی کے منافع میں کمی آئی ہے تاہم توقع سے زیادہ آئی فون فروخت ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق 24 ستمبر تک تین ماہ میں 45.51 ملین آئی فون فروخت ہوئے جبکہ اوسط توقع 44.8 ملین کی تھی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ چھٹیوں کے سیزن میں 76 سے 78 بلین ڈالر کا منافع ہو گا۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ تیسری سہ ماہی منافعے میں نو فیصد کمی ہوئی اور کمپنی 46.85 بلین ڈالر کا منافع بنا سکی۔ سنہ 2001 کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ کمپنی کے منافعے میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سمارٹ فونز کی فروخت میں کمی اور سخت مقابلہ ہے۔ بی بی سی کے ٹیکنالوجی کے نامہ نگار روری جونز کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں ہے کہ ایپل کے منافعوں میں کمی ہوئی ہے۔ یہ بات اس سال کے آغاز ہی میں واضح ہو گئی تھی کہ آئی فونز کی فروخت میں کمی واقع ہو گی اور تیسری سہ ماہی میں ایپل کمپنی نے کچھ قابل ذکر نہیں کیا۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ کوئی مصنوعات ایسی نہیں تھیں جو غیر معمولی ہوں۔ ابھی ایپل نے اپنی واچ کے بارے میں اعداد و شمار نہیں بتائے اور چین میں ایپل واچ کی فروخت میں 30 فیصد کمی کافی پریشن کن بات ہے۔ ایپل کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئی فون 7 کی مانگ کافی زیادہ ہے۔ چین میں اس سہ ماہی میں آئی فون کی فروخت میں 30 فیصد کمیہوئی ہے جبکہ دوسری سہ ماہی میں فروخت میں 33 فیصد کمی ہوئی تھی۔ ایپل کمپنی کے حصص میں تین فیصد کمی ہوئی ہے۔
Leave a Reply