اسرائیل کا بریشیٹ خلائی جہاز چاند کی سطح پر گر کر تباہ

اسرائیل کی چاند پر بھیجی جانے والی خلائی گاڑی چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو گئی ہے۔ یہ مشن نجی فنڈنگ سے بھیجا گیا تھا۔ مشن کی ناکامی کی وجہ انجن کی خرابی بتائی جا رہی ہے۔
بریشیٹ نامی اسرائیلی خلائی جہاز نے محفوظ لینڈنگ کی کوشش کی مگر چاند پر اترتے ہوئے تکنیکی مسائل سے دوچار ہوگیا۔
مشن کا مقصد تصویریں لینا اور تجربات کرنا تھا۔ اسرائیل پُر امید تھا کہ وہ چاند پر خلائی جہاز لینڈ کرنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔
چاند پر اس سے قبل صرف تین سرکاری خلائی اداروں نے کامیاب مشن سرانجام دیا ہے جن میں امریکہ، چین اور سابق سوویت یونین شامل ہیں۔
پراجیکٹ کے بانی مورس کاہن نے کہا کہ ’ہم کامیاب نہیں ہو پائے مگر ہم نے کوشش تو کی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں جو کچھ بھی ہم نے حاصل کیا ہے اور جہاں ہم آج ہیں یہ ایک زبردست کامیابی ہے اور ہمیں اس پر فخر ہونا چاہیے۔‘
وزیر اعظم بینیامن نتن یاہو تل ابیب کے قریب ایک کنٹرول روم سے یہ مناظر دیکھ رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ’اگر پہلی مرتبہ کامیابی نہ ملے تو آپ کو دوبارہ کوشش کرنی چاہیے۔‘
Leave a Reply