کیا تیلگو امریکہ میں سب سے تیزی سے پھلنے پھولنے والی زبان ہے؟

Print Friendly, PDF & Email

دعویٰ: ہندوستانی زبان تیلگو امریکہ میں تیزی سے پھلنے پھولنے والی زبان ہے۔

فیصلہ: ایک امریکی تھنک ٹینک کے مطالعے کے مطابق یہ دعویٰ درست ہے۔ گذشتہ سات سالوں میں جنوبی ہند کی زبان تیلگو بولنے والوں کی تعداد میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بہر حال ابھی بھی امریکہ میں انگریزی کے علاوہ سب سے زیادہ بولی جانے والی 20 زبانوں میں اس کا شمار نہیں ہے۔

اگر آپ انگریزی کے علاوہ امریکہ میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان کے بارے میں سوچنا شروع کریں تو آپ کے ذہن میں جنوبی ہند کی زبان شاید نہیں آئے۔

لیکن ورلڈ اکنامک فورم کے ایک آن لائن ویڈیو کے مطابق سنہ 2010 سے 2017 کے درمیان امریکی شہریوں میں تیلگو بولنے والوں کی تعداد میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس ویڈیو میں امریکہ میں قائم مرکز برائے پناہ گزین کے ایک مطالعے کا حوالہ دیا گیا ہے جس نے مردم شماری کے اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ امریکہ میں بولی جانے والی زبانیں کس رفتار سے پھیل رہی ہیں۔

تیلگو زبان بولنے والوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟

تیلگو زبان زیادہ تر جنوبی ہند کی ریاستوں آندھرا پردیش اور تیلنگانہ میں بولی جاتی ہے جہاں کی مشترکہ آبادی آٹھ کروڑ 40 لاکھ ہے۔

سنہ 2011 کی ہندوستانی مردم شماری کے مطابق یہ ملک کی چوتھی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔

امریکہ میں بولی جانے والی زبانوں کے مطالعے کے لیے اعداد و شمار امریکی کمیونیٹی سروے سے لیا گیا جس میں لوگوں نے سنہ 2010 سے 2017 کے درمیان انگریزی کے علاوہ اپنے گھر پر بولی جانے والی زبان کا ذکر کیا تھا۔

گذشتہ سال امریکہ میں چار لاکھ تیلگو بولنے والے لوگ تھے جو کہ 2010 کے مقابلے میں تقریبا دگنا تھے۔

امریکہ میں تیزی سے ترقی کرنے والی دس زبانوں میں سات کا تعلق جنوبی ایشیا کی زبانوں سے ہے۔

تو پھر تیلگو ہی کیوں؟

امریکہ میں ایک غیر سرکاری ادارے تیلگو پیپلز فاؤنڈیشن کے بانی پرساد کونیسیٹی کا کہنا ہے کہ اس کا بہت حد تک سہرا حیدرآباد شہر اور امریکہ کی انجینیئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے درمیان تعلقات کو جاتا ہے۔ مسٹر کونیسیٹی خود سنہ 2001 میں امریکہ کے آئی ٹی شعبے میں اپنا کریئر بنانے آئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ سنہ 1990 کی دہائی کے وسط کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی ترقی کے سبب سافٹ ویئر انجینیئرز کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا۔

ان میں بہت سے حیدرآباد سے آئے جو کہ تیلگو بولنے والا سب سے بڑا شہر ہے۔ آج تیلگو زبان والی دونوں ریاستوں میں 800 سے زیادہ انجینیئرنگ کالجز ہیں۔

یہ شہر ٹیکنالوجی اور انجینیئرنگ کی صنعت کا انڈیا میں مرکز بن گيا اور یہ بڑی تعداد میں انجینیئرز امریکہ بھیج رہا ہے۔

سالہا سال سے تیلگو بولنے والے امریکی آندھر پردیش اور تیلنگانہ سے سافٹ ویئر انجینیئرز کو ملازمت دے رہے ہیں۔

بہت سے ہندوستانیوں نے ‘ایچ 1 بی’ ویزا سکیم کا فائدہ اٹھایا جس کے تحت ٹکنالوجی کے شعبے میں ہزاروں غیرملکیوں کو ہر سال کام کرنے کا ویزا دیا جاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ان میں سے 70 فیصد ویزا ہندوستانیوں کو ملتا ہے اور ان کے حاملین کو مستقل شہریت کے لیے درخواست دینے کی سہولت ہوتی ہے۔


Short URL: http://tinyurl.com/yc2o3c6w
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *