ایک زندہ و جاوید قوم کو مصنوعی لکیر کھینچ کر تقسیم کردیا گیا ہے: یاسین ملک

Print Friendly, PDF & Email

سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ احتجاجی پروگرام اور مظاہرے جموں وکشمیر کے منقسم لوگوں کے دکھ درد اورمصائب و آلام کو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں کہاہے کہ جس طرح دیوار برلن مشرقی و مغربی جرمنی کے لوگوں کوتقسیم کرتی تھی اسی طرح خونی لکیر کشمیریوں کو تقسیم کر رہی ہے۔انکا کہنا تھا کہ خونی لکیر کے آر پار رہنے والے کشمیری جرمن عوام کی طرح اپنی آزادی اور اپنے منقسم وطن کو متحد کرنے کی مبنی بر حق جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعلان کردہ احتجاجی پروگرام کی جو27 اکتوبر کو سابق دیوار برلن جرمنی کے مقام پر ہورہا ہے ، مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انہیں پروگرام کی حمایت اور اس میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔

یاسین ملک نے کہا کہ اس قسم کے احتجاجی پروگرام اور مظاہرے جموں وکشمیر کے منقسم لوگوں کے دکھ درد اورمصائب و آلام کو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ ایک زندہ و جاوید قوم کو مصنوعی لکیر کھینچ کر تقسیم کردیا گیا ہے جس نے خاندانوں سمیت بھائی بہنوں،ماو¿ں اور انکے بچوں کے درمیان ایک خلیج پیدا کردی ہے۔

Short URL: http://tinyurl.com/y79596cv
QR Code: