ایشوریہ کی لپ سٹک، انوشکا کے ہونٹ، پریتی کی پارٹی

Print Friendly, PDF & Email

پچھلے ہفتے کانز فلم فیسٹیول کے دوران ایشوریہ رائے کی کاسنی لِپ سٹک کے سبب سوشل میڈیا میں خاصی ہلچل رہی۔ کچھ لوگوں نے مذاق اڑایا تو کچھ نے ایش کی ہمت کی داد دی۔ 42 سالہ ایشوریہ رائے نے بھی ہمت کے ساتھ اپنا ردِ عمل ظاہر کیا ان کا کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد جس طرح کے ردِ عمل سامنے آ رہے ہیں وہ انھیں خوب انجوائے کر رہی ہیں۔ایشوریہ کہتی ہیں کہ وہ اس بار کچھ مختلف کرنا چاہتی تھیں اور اچھے برے دونوں طرح کے ردِ عمل سے خوش ہیں۔


ایشوریہ کی فلم سربجیت رواں ہفتے ریلیز ہوئی ہے اور ایسے میں کسی بھی طرح کی پبلسٹی ایشوریہ کے لیے اچھی ہی ہوگی اب کہیں یہ کاسنی لپ سٹک بھی اسی پبلسٹی کا حصہ تو نہیں؟ویسے ایشوریہ کو سونم کپور جیسی جونئیر اداکارہ سے سبق سیکھنا چاہیے جنھوں نے انتہائی پر وقارانداز اور سادگی کے ساتھ سفید لباس میں کانز کے ریڈ کارپٹ پر چل کر زبردست تحسین حاصل کی اور یوں بھی کچھ چیزیں عمر کےساتھ ہی اچھی لگتی ہیں۔


ہونٹوں سے یاد آیا کہ اداکارہ انوشکا شرما بھی آج کل اپنے ہونٹوں ہی کے سبب خبروں اور سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔ یوں تو ان کے ہونٹوں کا ذکر دو سال پہلے سامنے آیا تھا جب ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انھوں نے اپنے ہونٹوں کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے سرجری کروائی ہے۔اس پر لوگوں نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اب حال ہی میں ’ویگ میگزین‘ کو اپنے ایک انٹرویوں میں انوشکا نے ایک بار پھر اپنے ہونٹوں کا ذکر چھیڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مداحوں کو بتانا چاہتی ہیں کہ وہ انسان ہیں جس میں کمی بھی ہو سکتی ہے۔ انوشکا کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو بھی کیا وہ ان کی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ کی ضرورت تھی اور ’میرے اس جرات مندانہ فیصلے پر لوگوں نے میری ہمت کی داد بھی دی‘۔ اب کوئی انوشکا سے پوچھے کہ سنہ 2014 میں جب کرن جوہر کے پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں ان سے اس بارے میں پوچھا گیا تھا تو انھوں یہ کیوں کہا تھا کہ یہ سرجری نہیں بلکہ میک اپ کا کمال ہے۔ اب کہا نہیں جا سکتا کہ انوشکا پہلےسچ بول رہی تھیں یا اب۔

حال ہی میں بالی وڈ کی سینئیر اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنی شادی کی خوشی میں بالی وڈ کے اپنے دوستوں کے لیے ایک پارٹی کا اہتمام کیا جس میں انڈسٹری کے تمام بڑے بڑے سٹارز شامل ہوئے۔ ان میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور ابھشیک بچن بھی تھے۔ خبروں کے مطابق اس پارٹی کی دلچسپ بات یہ تھی کہ شاہ رخ، ابھشیک اور سلمان خان کافی دیر تک محو گفتگو رہے اور پارٹی ختم ہونے پر ابھشیک شاہ رخ کے ساتھ سلمان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ چلے گئے جہاں پوری رات محفل جمی رہی کیونکہ پریتی اور ان کے نئے نویلے شوہر جین گڈ اینف بھی گلیکسی جا پہنچے۔


شاہ رخ اور پریتی تک تو بات ٹھیک تھی لیکن ابھشیک اور وہ بھی سلمان کے گھر یہ بات لوگوں کے لیے ہضم کرنا مشکل ہوگی۔ بحر حال خبریں یہ بھی ہیں کہ پارٹی میں سلمان نے اپنی دوست لولیہ وینتور کا اپنے ان سبھی دوستوں سے ’رسمی تعارف‘ بھی کروایا ہے تو ہو سکتا ہے کہ اگلی پارٹی سلمان کی ہو جس میں ابھشیک کے ساتھ ایشوریہ بھی شامل ہوں۔

(بشکریہ: بی بی سی اُردو)

Short URL: http://tinyurl.com/zgqzgkh
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *