ٹی ایم اے پپلاں کے افسران کی کرپشن لوٹ مار اور ملی بھگت سے کروڑوں کے ٹھیکوں میں بد عنوانی

Print Friendly, PDF & Email

پپلاں(نامہ نگار) تحصیل پپلاں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیئے ملنے والے کروڑوں روپئے کے سالانہ ترقیاتی فنڈز میں ہونے والی مبینہ کرپشن لوٹ مار ، بے قائد گیوں اور افسران کی ملی بھگت سے کروڑوں روپئے کے ترقیاتی فنڈز کے ٹھیکے لینے والے ٹی ایم اے کے سرکاری ملازمین اور کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کے لیئے مسلم لیگ ن بھی میدان میں آ گئی ، پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری انفارمیشن شیخ غلام حسن رضا نے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف، چیف سیکریٹری پنجاب سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ڈی جی نیب پنجاب ، ڈی جی انٹی کرپشن ، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر حکام کو کاروائی کے لیئے تحریری درخواست بھجوا دی۔ درخواست دہندہ شیخ غلام حسن رضا نے اعلی حکام کو بھیجی گئی اپنی درخواست میں الزام عائد کیا کہ ٹی ایم اے پپلاں میں گزشتہ کئی سالوں سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے ملنے والے کروڑوں روپئے کے سالانہ ترقیاتی فنڈز میں بے پناہ خورد برد اور لوٹ مار کا نہ رکنے والا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے اور کرپٹ اور بد دیانت افسران بھاری کمیشن وصول کر کے کروڑوں روپئے کے فنڈز کے ٹھیکے اپنے من پسند افراد اور فرضی ناموں سے رجسٹرڈ کروا نے والے ٹی ایم اے کے سرکاری ملازمین کو دینے میں مصروف ہیں اور وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی میرٹ پالیسی کا کھلے عام مذاق اڑایا جا رہا ہے جسکی وجہ سے مسلم لیگ ن اور اُسکی حکومت کی بد نامی ہو رہی ہے اور عوام میں مسلم لیگ ن کے خلاف دن بدن نفرت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کی ترقیاتی گرانٹ کی کروڑوں روپئے کی رقم کے ٹھیکے اوپن ٹینڈر لگانے کی بجائے کوٹیشنیں لگا کر ٹی ایم اے کے افسران نے اپنے اپنے من پسند افراد کو نواز ا اور خطیر رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے کی بجائے کرپٹ لوگوں کی جیب میں چلی گئی اور جن ترقیاتی سکیموں کے نام پر ایسی کوٹیشنیں لگائی گئیں اُن میں سے اکثر کو مکمل بھی نہیں کیا گیا بلکہ صرف کاغذوں کا پیٹ بھرا گیا ہے اور سرکاری خزانے سے اُنکے بل وصول کیئے گئے جو تحصیل پپلاں کے غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ہے مسلم لیگ ن کے سیکریٹری انفارمیشن شیخ غلام حسن رضا نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ میں نے ٹی ایم اے کے افسران کو تحریری درخواست بھی دی تھی کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر خرچ کیئے جانے والے فنڈز کی مکمل تفصیل فراہم کی جائے تاکہ میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں کے ہمراہ ہم موقع پر ایسی سکیموں کو چیک کریں اور یہ ہر شہری کا بنیادی اور قانونی حق ہے کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت وہ یہ معلوم کر سکے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے حکومت کی طرف سے ملنے والی خطیر رقم کو کس مقصد کے لیئے اور کہاں کہاں خرچ کیا جاتا ہے لیکن ٹی ایم اے پپلاں کے افسران نے کرپشن بے نقاب ہونے کے خوف سے مجھے ریکارڈ دینے سے بھی صاف انکار کر دیا ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم اے پپلاں کے افسران بھاری کمیشن وصول کرنے کے لیئے ترقیاتی سکیموں کے ٹھیکے اوپن نیلامی کے ذریعے کرنے کی بجائے پول اور پرچی سسٹم سے کر کے سرکاری خزانے کو سالانہ کروڑوں روپئے کا نقصان پہنچاتے ہیں اور گزشتہ سال بھی میڈیا کی موجودگی میں ہونے والی ترقیاتی سکیموں کے ٹھیکوں میں کنٹریکٹرز نے شیدول ریٹ سے 40/50 فی صد تک کم ریٹس پر اپنے ٹینڈرز بھرے جس سے ٹی ایم اے کو بے پناہ سیونگ ہونی تھی لیکن ٹی ایم اے افسران نے کنٹریکٹرز سے ملی بھگت کر کے ایسے ٹینڈرز فارم میں اعشاریہ لگا کر ریٹ کئی گناہ بڑھا دیئے جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا انہوں نے کہا کہ جب تک ایسے لوگوں کا کڑا احتساب نہیں ہو گا کرپشن کا نا سور ختم کرنے میں ہماری حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی اس لیئے ہماری وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف، چیف سیکریٹری پنجاب سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ڈی جی نیب پنجاب ، ڈی جی انٹی کرپشن پنجاب ، ڈی جی ایف آئی اے سے اپیل ہے کہ وہ ٹی ایم اے پپلاں میں ہونے والی اس کرپشن لوٹ مار اور بے قائدگیوں کے تدارک کی خاطر اعلی سطح کی انکوائری کروائیں اور ٹی ایم اے پپلاں کا گزشتہ سالوں کا تمام ریکارڈ اپنے قبضہ میں لیکر اسکی مکمل چھان بین کریں اور ترقیاتی سکیموں کا فزیکل معائنہ کرنے کے لیئے ٹیکنیکل ٹیمیں موقع پر بھیج کر مکمل ہونے والی تمام سکیموں میں استعمال ہونے والے ناقص اور غیر میعاری میٹریل کا سختی سے نوٹس لیں اور عوام کے حق پر ڈاکے مارنے والے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری اور سخت کاروائی کریں تاکہ میرٹ اور شفافیت کو قائم کیا جا سکے۔

Short URL: http://tinyurl.com/jtmcvco
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *