خواتین اپنے دائرے میں رہتے ہوئے آگے بڑھیں: اپووا خواتین کانفرنس

خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنا ہوگی: اَپووا کا مطالبہ
بااختیار خواتین کے بغیر معاشرہ غیرفعال ہوجاتا ہے: مقررین
لاہور(سٹاف رپورٹر) قلم کاروں ‘ لکھاریوں‘صحافیوں ‘ادیبوں اور شاعروں کی نمائندہ جماعت آل پاکستان رائٹرزویلفیئر ایسوسی ایشن(اپووا)کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے لاہور کے مقامی ہوٹل میںاپووا کے سرپرست اعلیٰ زبیر احمد انصاری کی زیر صدارت ’’اپووا خواتین کانفرنس‘‘ کا اہتمام کیا گیا جس میںتاریخ رقم کرنے والی سیکریٹری لاہور ہائیکورٹ بار صباحت رضوی‘ معروف ڈرامہ نگار اور اداکار افتخار افی، معروف لکھاری نازیہ کامران کاشف‘موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹر عائشہ عظیم‘ ایڈوکیٹ سعدیہ ہما شیخ۔معروف ڈرامہ نگار وناول نگار رخسانہ نگار، بشری فرخ،مشرف مبشر،سمیت پاکستان کے دور دراز اضلاع سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسلام نے عورتوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ حقوق دیے ہیں ‘بس ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کوصحیح معنوں میں وہ تمام حقوق ملنے چاہئیں۔اور خواتین کو چاہیے کہ اپنے دائرے اور حدود میں رہتے ہوئے آگے سے آگے بڑھیں اور یہ ثابت کریں کہ خواتین کسی طور پر پیچھے نہیں ہیں۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین پر ہونے والے تشددکی روک تھام کے لیے سخت سے سخت قوانین بنانے چاہئیں اور پھر ان پر عمل در آمد بھی کرنا چاہیے۔اپووا خواتین کانفرنس میں یہ مطالبہ پیش کیا گیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنی چاہیے اس لیے کہ بااختیار خواتین کے بغیر معاشرہ غیرفعال ہوجاتا ہے۔کانفرنس کے آخر میں خواتین کو ان کی کارکردگی کی بنا پر ایوارڈ ‘ میڈل اور تعریفی اسناد سے نوازا دیا اور ان سے یہ عہد لیا گیا کہ آپ اپنے دائرہ کار میں مزید آگےبڑھنے کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گی۔
Leave a Reply