داؤد خیل ایک لاکھ سے زائد آبادی، سیوریج کا سسٹم انتہائی کسمپرسی حالت میں

Print Friendly, PDF & Email

داؤدخیل(ذوالفقارخان) داؤدخیل ایک لاکھ کی آبادی سے تجاوز کرتا شہربن چکاہے۔ سیوریج کا سسٹم انتہائی کسمپرسی کے حالت میں ہے۔ آئے روز کسی نہ کسی گلی محلے میں گٹر اُبل رہے ہوتے ہیں۔ ٹاؤن کمیٹی کے افسران اور اہلکار ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ شہری تنگ آکر اب احتجاج پہ اُتر آئے ہیں۔ اہلیانِ محلہ شیرعلی خان، یوسف خان اور اکرام اللہ خان نے میڈیا کوبتایاکہ کئی ماہ سے ہمارے محلے کی مرکزی گزرگاہ میں سیوریج کے گٹرز اُبل رہے ہیں۔ یہاں سے گزرنے جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ بزرگ اور خواتین تو ہر وقت بدعائیں دیتے باامرمجبوری گزرتے ہیں ۔ کوئی سفید پوش آدمی اب اس گلی کا رُخ تک کرنا گوارا نہیں کرتا۔اکرم خان،مطیع اللہ خان اور محمد فاروق نے کہاکہ ہمارے بچے اس سیوریج کے پانی سے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ پورا محلہ تعفن زدہ ہورہاہے۔ رات کو گندی بُو اور مچھروں کی وجہ سے ہمارا سونا حرام ہوچکاہے۔ بچے ملیریا ، ٹائیفائیڈ اور ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ سردار خان، عبدالجبار اور عزیزاللہ خان نے کہاکہ ٹاؤن کمیٹی کے ذمہ داران انتہائی لاپرواہ اور بدتمیز واقع ہوئے ہیں۔ پچھلے چھ ماہ سے ہم گٹرز کے اُبل پڑنے سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہم کئی بار ٹاؤن کمیٹی کے سی او اور دیگر ذمہ داران کو اس مسئلے سے آگاہ کرچکے ہیں مگر کسی کے کان تک جوں نہیں رینگتی۔ ٹی ایم اے تحصیل میانوالی کی طرف سے بھی ابھی تک کوئی قدم نہیں اُٹھایا گیا۔سیف اللہ خان، انور خان اور عبیداللہ خان نے کہاکہ لگتاہے داؤدخیل کا کوئی والی وارث نہیں۔ کونسلر اور ناظم کے خواب دیکھنے والے بھی عوامی مسائل پر چُپ سادھے بیٹھے ہیں۔ اگر ہمارا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم ان سیاستدانوں کی مٹی پلید کرکے رکھ دیں گے۔ جو ہمارے دروازے پہ ووٹ لینے آیا تو اُس کو دھکے دے کر بھگائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے اسی گلی میں موجود پرائمری سکول میں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، اس سیوریج کی وجہ سے وہ بھی مشکلات میں گھِر چکے ہیں۔ سارا دن سکول میں تعفن پھیلا رہتاہے۔امیر محمد، شفااللہ، حمزہ خان اور حمیداللہ خان نے کہاکہ داؤدخیل تحصیل سطح کا قصبہ ہے، لیکن حکومتی اہلکار اسے مسلسل نظرانداز کرتے آئے ہیں۔ اگر مزید شہر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجاتارہاتو داؤدخیل کے شہری مسلم لیگ ن کی حکومت سے تنگ آجائیں گے اور بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ کو عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہریوں نے اس موقع پر ٹی ایم اے آفس اور سی او ٹاؤن کمیٹی داؤدخیل کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔ شہریوں نے ڈی سی او میانوالی طلعت محمود اور کمشنر سرگودھا محمدآصف سے پُرزور مطالبہ کیا کہ خدا را داؤدخیل شہر کے حالات پر رحم کھائیں اور شہرکے مسائل جلد حل کریں۔

Short URL: http://tinyurl.com/zhoqfsl
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *