فضائل وعبادت ماہِ محرم الحرام۔۔۔۔ تحریر: حافظ کریم اللہ چشتی، پائی خیل

Hafiz Kareem Ullah Chishti
Print Friendly, PDF & Email

اسلامی سال کاپہلامہینہ محرم الحرام ہے۔اللہ رب العزت نے سال کے بارہ مہینوں میں مختلف دنوں اورراتوں کی خاص اہمیت وفضیلت بیان کر کے انکی خاص خاص برکات وخصوصیات بیان فرمائی ہیں قرآن حکیم میں ارشادباری تعالیٰ ہے ۔’’بے شک مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ہیں اللہ کی کتاب میں جب سے اس نے آسمان اورزمین بنائے ان میں سے چارحرمت والے ہیں یہ سیدھادین ہے توان مہینوں میں اپنی جا ن پرظلم نہ کرواور مشرکوں سے ہروقت لڑوجیساوہ تم سے ہروقت لڑتے ہیں اورجان لوکہ اللہ پاک پرہیزگاروں کے ساتھ ہے۔(سورۃ التوبہ پارہ ۱۰آیت نمبر۳۶)ان خاص مہینوں میں سب سے پہلاعزت والامہینہ محرم الحرام ہے ۔باقی حرمت والے مہینے رجب المرجب،ذی القعداورذی الحج ہیں۔یہ مہینے اللہ تعالیٰ کے ہاں زیادہ قابل احترام ہیں اسی لئے اسلام سے پہلے دیگرمذاہب میں ان مہینوں کااحترام کرتے ہوئے لڑائی جھگڑے اور جنگ و قتال سے منع فرمایاگیاتھااس مہینہ کوبڑی فضیلت حاصل ہے ۔اس ماہ کی دسویں تاریخ کوجوجانیں اللہ کی راہ میں کرب وبلا کے تپتے ہوئے صحرامیں قربان کی گئیں تاریخ عالم ان کی مثال پیش کرنے سے قاصرہے ۔

جس نے حق کربلامیں اداکردیا
اپنے ناناکاوعدہ وفاکردیا
گھرکاگھرسب سپردخداکردیا
کرلیانوش جس نے شہادت کاجام
اس حسین ابن حیدرؓپہ لاکھوں سلام

محرم الحرام کی دسویں تاریخ کوعاشورہ کہاجاتاہے اس دن اطاعت خداوندی بجالانے والوں کوحق تعالیٰ بہت بلندمقام سے نوازتاہے علماء کرام فرماتے ہیں کہ دسویں محرم کوعاشورہ اسلئے کہتے ہیں کہ اس روزاللہ تعالیٰ نے دس انبیاء کرام علیہم السلام کو دس اعزازعطافرمائے جسکی بناء پراسے عاشورہ کہاجاتاہے ۱۔اسی روزسیدناآدم علیہ السّلام کی توبہ قبول ہوئی۔اسی دن حضرت ادریس علیہ السّلام کومقام رفیع پراٹھایاگیا۔حضرت نوح علیہ السّلام کی کشتی اسی روزکوہِ جودی پرٹھہری۔اسی روزحضرت سیدناابراہیم علیہ السّلام پیداہوئے اوراسی روزاللہ تعالیٰ نے انکواپناخلیل بنایااسی دن سیدناحضرت ابراہیم علیہ السّلام کوآگ نمرودسے بچایا۔اسی دن حضرت داؤدعلیہ السّلام کی توبہ قبول فرمائی اسی روزحضرت سلیمان علیہ السّلام کو بادشاہی واپس لوٹادی گئی۔اسی دن حضرت ایوب علیہ السّلام کی بیماری کازمانہ ختم ہوا۔اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السّلام کودریائے نیل سے نجات دی اورفرعون کوغرق کردیا۔اسی روزحضرت سیدنایونس علیہ السّلام کومچھلی کے پیٹ سے رہائی ملی اسی روزحضرت عیسیٰ علیہ السّلام کوآسمان پراٹھالیاگیا اسی روز محبوب خدا،سرورانبیاء ،احمدمجتبیٰ حضرت محمدمصطفی ﷺکانورتخلیق ہوا(غنیہ الطالبین)عاشورہ کے دن کئے جانے والے دس اعمال ایسے ہیں جواللہ تعالیٰ کے قرب کاباعث ہیں۔۱۔روزہ رکھنا۲۔یتیم کے سرپرہاتھ پھیرنا۳۔دسترخواں کشادہ کرنا۴۔صدقہ خیرات کرنا۵۔غسل کرنا۶۔سرمہ لگانا ۷۔بیمار کی عیادت کرنا۸۔پیاسے کوپانی پلانا۹۔نفلی عبادت کرنا۱۰۔توبہ واستغفارکرنا،قبرستان جانا(غنیہ الطالبین)۔

Short URL: http://tinyurl.com/h7ankog
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *