خو ب سے خوب تر نظر آئیے۔۔۔۔ تحریر: عفت بھٹی

Dr. Fozia Iffat
Print Friendly, PDF & Email

ماہِ صیام کے دوسرے عشرے کے اختتام کے ساتھ ہی خواتین اور بازار کا چولی دامن کا ساتھ نظر آتا ہے۔کپڑوں ،جوتوں اور کاسمیٹکس کی دکانوں پہ رش بڑھ جاتا ہے معاشی طور پہ کمزور افراد بھی اپنی حیثیت کے مطابق زور و شور سے عید کی خریداری کرتے نظر آتے ہیں ۔اس حساب سے بازار میں سستی اور مہنگی اشیاء کی افراط ہو جاتی ہے اور دکانداروں کی چاندی ،بقول ان کے یہی تو کمانے کا موقعہ ہے۔عید کی تیاریوں میں مہندی،چوڑیاں ،ملبوسات کی تیاری بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ ہر خاتون خوب سے خوب تر نظر آنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔وہ کہتے ہیں نا جادو، وہی جو سر چڑھ کے بولے تو حسن کا جادو بھی ہمیشہ سر چڑھ کر بولتا ہے ۔ آج میں آپکو کچھ آسان اور سستے گر بتاؤں گی جن سے آپ اپنی خوبصورتی میں چار چاند لگا سکتیں ہیں ۔
۱۔اگر آپکا رنگ سانولا ہے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں آپ تھوڑی سی توجہ سے اسے نکھار سکتی ہیں ۔
لیموں،زعفران اور روغنِ زیتون کو ملا لیں اور روزانہ رات کو سونے سے پہلے چہرے پہ ہلکے ہاتھوں سے اس کی مالش کریں ۔ایک ہفتے بعد خاطر خواہ نتائج برآمد ہوں گے۔
رنگت نکھارنے کے لیے رات کو اصلی شہد اور بالائی ملا کر چیرے پہ لگائیں اس سے چہرے کے دانے بھی ختم ہو جائیں گے اور رنگت نکھر آئے گی ۔
چرونجی کو کچے دودھ میں باریک پیس کر چہرے پہ ملنے سے رنگت نکھر آتی ہے ۔
لیموں کا رس ایک تولہ ،روغنِ زیتون ۲ تولہ ،روغنِ بادام ایک تولہ ، تینوں کے آمیزے کو رات کو سوتے وقت چہرے اور ہاتھوں پہ لگائیں اور پائیں چند دنوں میں خوبصورت جلد۔
آجکل گرمی کے موسم میں خربوزہ عام مل جاتا منہ پہ خربوزے کے گودے کا لیپ کریں مہاسے اور جھائیاں دور ہو جائیں گی۔
خشخاش باریک پیس کر چہرے پہ ملیے اور پھر اس کا اثر دیکھیے ۔یہ جلد کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ مساموں میں پھنسے میل کچیل کو صاف کرتی ہے۔
۲۔خوبصورت ہاتھ ،صاف ستھرے ناخن بھی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتے ۔
ناریل کے تیل میں موم ملا کر رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں پہ ملیں اور صبح نیم گرم پانی سے دھو ڈالیں ۔ایک ہفتے میں آپ کے ہاتھ نرم ملائم اور دلکش ہو جائیں گے۔
ایک پیالی پانی میں آدھے لیموں کا رس ملائیں اور اس میں کچھ دیر ہاتھ ڈبوئیں پھر ٹوتھ برش سے ناخن صاف کریں ۔
لیموں،گلیسرین اور عرقِ گلاب تینوں کو ملا لیں اور ہاتھوں کی مالش کریں ۔
۳۔مسکراہٹ کی دلفریبی کا راز موتی کی طرح چمکتے دانتوں میں پوشیدہ ہے۔اپنی مسکراہٹ کو خوب تر بنائیں اور خوب مسکرائیں ۔
پہلے برش کو لیموں کے رس میں بھگوئیں اس کے بعد سوڈا بائی کارب میں ڈبوئیں ،اب دانتوں کو برش کریں میلے دانت موتی کی طرح چمکیں گے۔
۴۔گرمی کے موسم میں لیموں کا استعمال بڑھ جاتا ہے ۔استعمال کے بعد لیموں کے چھلکے نہ پھینکیں بلکہ انہیں ایڑیوں ،ٹخنوں،گھٹنوں اور کہنیوں پہ ملیں ۔چند دنوں میں ان کی سیاہی دور ہو جائے گی ۔
۵۔کسی زمانے میں سفید بال بڑھاپے کی آمد کا نشان تھے مگر اب ایک عام بات ۔کم عمری میں بالوں کا سفید ہونا ایک عام بات ہو گئی ہے ۔مارکیٹ میں مختلف ہیئر کلر باّسانی ملتے ۔مگر ان میں موجود کیمیکل نہ صرف بالوں کو کمزور کرتا بلکہ کالے بالوں کی سیاھی کو بھی آہستہ آہستہ سپیدی میں بدل دیتا سو ایک نیا جھنجٹ گلے پڑ جاتا ۔آئیے ایک دیسی آزمایا ہوا طریقہ اپنائیں جو بالوں کو سیاہ اور مضبوط رکھے ۔
مٹھی بھر خشک آملے کسی لوہے کے برتن میں ڈال کر اس میں پانی ڈال دیں ایک دن بھیگنے دیں ۔پھر اس پانی سے سر دھوئیں ۔پانی سے چہرے سے بچا کر رکھیں، بال کالے ہو جائیں گے۔
یہ تمام تراکیب کم خرچ اور آپ کے کچن میں دستیاب ہیں ۔کھانا بناتے وقت ایک ٹماٹر۔کھیرے کا ٹکڑا کاٹ کر صرف ۲ منٹ چہرے پہ مل لیں اور سادہ پانی سے دھو لیں ۔پانی کا ذیادہ استعمال ،جسمانی صفائی ،خوبصورت اخلاق،خندہ پیشانی ، ذہنی سکون اور قناعت پسندی آپکی شخصیت کو جاذبِ نظر اور خوبصورت ترین بناتا ہے ۔خوش رہیں اور خوش رکھیں ۔

Short URL: Error
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *