ویب کے روح رواں ڈاکٹر قیصرؔ کی شب و روز کی محنت اور کام سے سچی لگن ہے کہ وہ اس ویب سائٹ کو سابقہ پانچ سالوں سے بہتر سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی کے لیے مصروف عمل ہیں: پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی

Print Friendly, PDF & Email

شاعر یانثر نگار کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی تخلیق کسی بھی اخبار یا رسالے کی زینت بنے تاکہ عوام الناس اس سے مستفیدہوں۔ کئی دہائی قبل یا یوں کہیے کہ کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی ایجاد سے قبل اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اخبارات اور رسائل کے مدیران ہی واحد ذریعہ تھے۔ جنہیں لکھنے والے اپنی تحریریں بھیج کرشائع ہونے کا طویل انتظار کیا کرتے، اکثر مدیران تو جواب دینے کی بھی زحمت گوارہ نہیں کیا کرتے تھے۔ یہ صورت حال تو اب بھی ہے لیکن اب اس میں کمی آگئی ہے۔ کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کی دنیا جوں ہی وجود میں آئی لکھنے والوں کی گویا دنیا ہی بدل گئی۔ انہیں اپنی نگارشات کی اشاعت اور دنیا کے سامنے لانے کا ایسا ذریعہ میسر آ گیا کہ جس نے انہیں اس غم سے نجات دلا دی۔ ویب سائٹس پرعلمی و ادبی مواد کی اشاعت و ترسیل جدید ٹیکنالوجی کا ایک ایسا کارنامہ ہے کہ جس کے توسط سے علمی و ادبی تحاریر کو برقیاتی فارمیٹ میں منتقل کر کے اسکرین پر استعمال کے قابل بنا نا ہے۔ ایک وجہ یہ بھی سامنے آئی کہ نئی نسل اس جدید ایجاد کی جانب مائل نظر آتی ہے چنانچہ ضروری تھا کہ اردو ادب کے استعمال کے لیے جدید ایجاد کا سہارا لیا جاتا۔ اس فکر اور جستجوکو عملی جامہ پہنانے کے لیے بہت سے اشخاص اور ادارے میدان عمل میں آئے ان میں سے ایک ڈاکٹر محمد علی قیصرؔ بھی تھے جنہوں نے ’’فاروق آباد اَپ ڈیٹس‘‘ کی بنیادی رکھی۔ وقت کے ساتھ ویب سائٹس ایک کے بعد ایک معرض وجود میں آتی گئیں یہاں تک کہ اب کسی بھی تخلیق کار کی کوئی بھی تخلیق چند لمحوں میں اور کئی کئی ویب سائٹس پر وائرل ہوجاتی ہیں۔ میں بھی ایسے ہی لکھاریوں میں سے ایک ہوں، مدیران سے راہ و رسم رکھنا، تعلقات رکھنا، مقصد صرف یہ کہ مضمون یا کالم یا شاعری کہیں شائع ہو جائے۔ 2013 ء میں اردو کی ایک ویب سائیٹ سے میرا تعلق قائم ہوا اور میرے مضامین اور کالم اس میں آن ائر ہوناشروع ہو گئے۔ رفتہ رفتہ انٹر نیٹ پر موجود دیگر ویب سائیٹس اور ان کے مدیران و ذمہ داران سے بھی تعلقات قائم ہوئے۔ اِن میں ڈاکٹر محمد علی قیصرؔ بھی تھے۔ وہ اپنی ویب سائٹ ’’فاروق آباد اَپ ڈیٹس‘‘ کے توسط سے طباعتی مواد کو برقیاتی ہئت میں منتقل کر کے اُردو ادب کی ترویج و ترسیل کا فریضہ انجام دے رہے تھے۔ ’فاروق آباد اپ ڈیٹس‘ ویب سائٹ کے علاوہ ڈاکٹر محمد علی قیصرؔ نے آن لائن میگزین ’’نئی لگن‘‘کا بھی اجراء کیا۔ ہم بھی ڈاکٹر قیصرؔ کی ویب سائیٹ ’فاروق آباد اَپ ڈیٹس‘ اور ماہنامہ نئی لگن سے جڑ گئے۔ اپنی نگارشات بھیجتے رہے اور قیصرؔ صاحب اس میں جگہ دیتے رہے۔ 
’فاروق آباد اپ ڈیٹس‘کا اجراء 15اپریل 2014ء کو ہوا تھا۔ اس طرح یہ ویب سائٹ اپنے قیام کے پانچ سال مکمل کرچکی ہے اور اس کی پانچویں سالگرہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ایک سلسلہ ’آپ کے پیغاما ت فاروق آباد اَپ ڈیٹس کے نام‘‘سے شروع کیا گیا ہے۔خوشی اور انبساط کا مقام ہے۔ مجھے بھی اس ویب سے تعلق قائم کیے اتنا ہی وقت ہوگیا ، میرے مضامین و کالم بھی اس ویب پر آن لائن ہیں۔ ویب کے روح رواں ڈاکٹر قیصرؔ کی شب و روز کی محنت اور کام سے سچی لگن ہے کہ وہ اس ویب سائٹ کو سابقہ پانچ سالوں سے بہتر سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی کے لیے مصروف عمل ہیں۔ اس وقت متعددد ویب سائٹس معرض وجود میں آچکی ہیں، وقت کے ساتھ سلسلہ جاری ہے۔ بلکہ خود رو پودوں کی مانند آئے د ن نئی ویب سائٹس سامنے آجاتی ہیں اور کچھ دن بعد پتہ چلتا ہے یا اس کا قائم کرنے والا کہتا ہے کہ میری ویب سائٹ ہیک ہوگئی اب نئی بناؤں گا۔ لیکن بعض ویب سائٹس مستقل بنیادوں پر علم و ادب کے فروغ اور معلومات کی ترسیل کا کام دل جمأی اور مستقل مزاجی سے کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنا معیار بھی برقرار رکھا ہوا ہے ان میں سے ایک’ فاروق آباد اپ ڈیٹس‘ بھی ہے۔ جس نے اپنی عملی زندگی کے پانچ سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس کی پانچویں سالگرہ بڑے جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔ ڈاکٹر محمد علی قیصرؔ اور ان کی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ علم و ادب کی ترویج ، ترسیل اور فروغ کا جو عمل ڈاکٹر قیصرؔ اور ان کے ساتھی کر رہے ہیں وہ اسی تندہی سے خدمات انجام دیتے رہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی

Short URL: http://tinyurl.com/y68tpoot
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *