ڈاکٹرعافیہ کے لیے صرف ایک خط لکھ دو

Mir Afsar Aman
Print Friendly, PDF & Email

تحریر: میر افسر امان، کراچی


مجھے ایک کالمسٹ ہونے کے ناطے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ محترمہ عصمت صدیقی صاحبہ کی طرف سے ایک درد بھرا خط، حفیظ خٹک صاحب کالمسٹ نے ای میل کیا۔ یہ خط یقیناً دوسرے کالمسٹ حضرات کو بھی بھیجاگیا ہو گا۔ خواہش ہے کہ وہ بھی اپنی تحریروں میں پاکستان کی بیٹی مظلومہ امتِ مسلمہ ڈاکٹر عافیہ صدیقہ جس کو امریکہ کے متعصب یہودی جج نے ناکردہ گناہوں کی پادائش میں۸۶ سالہ قید سنائی تھی کی وطن واپسی کے لیے نوازشریف صاحب وزیر اعظم پاکستان زور ڈالیں۔ ان کو وہ وعدے یاد کرائیں جو انہوں نے اپنی الیکشن مہم کے دوران ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے متعلق عوام سے کیے تھے اور الیکشن جیتنے اور پاکستان کے وزیر اعظم بننے کے بعد کراچی کے گورنر ہاؤس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ صاحبہ اور اس کے بچوں سے کیے تھے۔ ا س خط کے مندرجات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی ضعیف اوردکھیا والدہ صاحبہ نے حکمرانوں کے وعدے یا دکرائے ہیں کہ کس طرح ان حضرات نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ان سے وعدے کیے تھے۔اس معزز خاتون نے اپنی دکھ بھری داستان میں سارے سیاستدانوں کے حوالے ہمیں اور پاکستانی عوام کو آگاہ کیا ہے کہ سیاست دان حضرات کس طرح مظلوم لوگوں سے وعدے کر کے بھول جاتے ہیں ،مکر جاتے ہیں یا انہیں اپنی سیاست سے فرست نہیں ملتی کہ کسی مظلوم سے کیے گئے وعدے کو نبھائیں۔وہ لکھتی ہیں عمران خان صاحب چیئرمین تحریک انصاف نے سب سے پہلے ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہمدردی کرتے ہوئے اس کے مقدمے پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ میں کوشش کروں گا کہ ڈاکٹر عافیہ کو واپس پاکستان لاؤ۔ مگر وہ اس وعدے کوپورا نہ کر سکے وہ اب پاناما لیکس کے لیے تو بڑی محنت کر رہے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح نواز شریف کو سزا دلوا دیں مگر اپنے وعدے کو آج تک برقرار نہ رکھ سکے۔اسی طرح پیپلز پارٹی نے پانچ سال حکومت میں گزار دیے مگر کچھ بھی نہیں کیا۔ ویسے ان کی فریادسے قطع نظرپیپلز پارٹی کے اُس وقت کے وزیرداخلہ رحمان ملک کی کوشش سے ڈاکٹر عافیہ کے تین بچوں میں سے ایک بچی اور ایک بچہ بازیاب ہوئے اور ا سے نانی صاحبہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی صاحب نے بھی وعدہ کیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کو میں واپس لاؤں گا۔ اسی پیپلز پارٹی کے دوسرے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف صاحب نے بھی ایسے ہی وعدے کیے تھے مگر وہ بھی کچھ نہ کر سکے۔پاکستان کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوشش کی اور حکومت وقت کو بھی جنجھوڑا مگر آج تک کسی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس پاکستان لانے کی سنجیدہ کو شش نہیں کی۔ اس میں شک نہیں کہ دیگر سیاسی اور مذہبی پارٹیوں نے ڈاکٹر عافیہ کوواپس لانے کے وعدے کیے مگر ان کوتو اقتدار ہی نہیں ملا کہ وہ اپنے وعدے کیسے پورے کرتے ۔ ان پارٹیوں نے اپنے جلسوں، ریلیوں اور میٹنگوں میں ڈاکٹر عافیہ کا مقدمہ اچھے طریقے سے لڑا۔ ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کو شکوہ تو نواز شریف صاحب سے ہے، جو بجا بھی ہے کیونکہ وہ حکمران ہیں۔ نواز شریف نے اپنے الیکشن مہم میں کئی جلسوں میں اعلانیہ کہا تھا کہ آپ مجھے ووٹ دیں ،اگر میں کامیاب ہو گیا تو میں ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے ضرور واپس لاؤنگا۔پھر جب وہ الیکشن جیت گئے پاکستان کے وزیر اعظم بھی بن گئے مگر ابھی تک اپنا وعدہ پورا نہیں کر سکے۔عصمت صدیقی صاحبہ کے دکھ بھرے فریادی خط کے مطابق نواز شریف صاحب وزیر اعظم بننے کے بعد کراچی تشریف لائے اور گورنر ہاؤس میں عصمت صدیقی صاحبہ اور ڈاکٹرعافیہ کے بچوں کو گورنر ہاؤس میں بلایا اور کہا کہ آپ میری والدہ ہیں میں آپ کا بچہ ہوں ۔ اب میرے دکھ درد کا وقت ختم ہو گیا ہے میں آپ کا بیٹا ہوتے ہوئے آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں ڈاکٹر عافیہ کو ضرور واپس پاکستان لاؤ ں گا۔ اب جس سے نواز شریف صاحب نے ماں ہونے کے ناطے وعدہ کیا وہ ماں آج نواز شریف سے فریادی ہے اور وہ نواز شریف کو وعدہ یاد کرا رہی ہے کہ اپنی ماں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے۔صاحبو!ڈاکٹر عافیہ کو دشمنِ پاکستان ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے دوسرے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ڈالر کے عوض امریکا کو فروخت کیا تھا۔ اب مکافات عمل کے تحت ملک سے غداری اور قتل کے مقدموں میں پھنسا ہوا ہے۔ملک سے فرار ہو چکا ہے۔امریکی عدالت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک نہتی عورت ڈاکٹر عافیہ کو۸۶ سال قید تنہائی کی سزا سنائی تھی ۔ عدالت کے مطابق،اس کاجرم یہ تھاکہ اس نے افغانستان کی قید کے دوران امریکی فوجیوں پر رائفل سے حملہ کیا تھا مگر کوئی بھی فوجی ہلاک نہ ہی زخمی ہوا۔ البتہ فوجی کی جوابی فائرنگ سے ڈاکٹر عافیہ زخمی ہوئی۔ عدالت نے بہت زور لگایا تھا کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کو القاعدہ کا دہشت گرد ثابت کرے مگر وہ ایسانہ کر سکی تھی۔ پاکستان کے کچھ کالم نگار بھی معلومات کی کمی یا نادانستہ طورپر ڈاکٹر عافیہ کو دہشت گرد اور القاعدہ کی ممبر لکھتے رہے ہیں۔ اگر ایسا کوئی بھی ثبوت ہوتا تو امریکا کی عدالت ڈاکٹر عافیہ کو القاعدہ کی ممبر اور دہشت گردی میں سزا دیتی ۔ صحیح بات تو یہ ہے کہ ڈاکٹر عافیہ اعلیٰ تعلیم یافتہ، اسلام کی بیٹی، اسلام کی مبلغ اور قرآن شریف کی حافظہ ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ نے اپنی بہن کی رہائی کے لیے عافیہ موومنٹ بنائی۔اس پلیٹ فارم سے وہ پاکستان کی ساری مذہبی اور سیاسی پارٹیوں سے رابطے کرتی رہی۔ ملک اور بیرونِ ملک عافیہ کی پاکستان واپسی کی مہم چلاتی رہی۔ سندھ ہائی کورٹ میں مقدمہ بھی دائر کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں حکومت کو حکم دیا کہ وہ امریکا سے قیدیوں کے تبادلہ کا معاہدہ کر کے ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان واپس لائے۔قانون کے مطابق وہ اپنی سزا پاکستان میں پوری کرے۔اسی فیصلہ کے تحت نواز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد ۲۸ ؍اگست۲۰۱۳ ء کو نواز حکومت کی کیبنٹ کی میٹینگ ہو رہی تھی تو ڈاکٹر فوزیہ نے اسلام آباد میں کئی دن گزار کر کیبنٹ کی میٹنگ کی سمری کے ایجنڈے میں سیریل نمبر ۵ پر ڈاکٹر عافیہ کے کیس کو رکھوایا تھا۔ کیبنٹ میٹنگ نے اس کو پاس بھی کیا کہ امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلہ کی معاہدہ کیا جائے گا۔ فارن آفس کو اس کام پر بھی لگا دیا تھا مگر آج تک اس کیس کا کچھ بھی نہیں ہوا۔ ڈاکٹر فوزیہ اس کا نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کوششیں کر کر کے تھک گئی مگر آج تک اس کا کچھ پتہ نہیں چلا کہ فارن آفس نے کیا کیا؟ کیا امریکی پٹھو حکمران کوامریکا نے منع کر دیا؟ کیا امریکا کے پٹھو حکمران امریکاسے بات کرنے کی جرأت نہیں کر سکتے؟کیا امریکا سے ڈالر حاصل کرنے کے علاوہ اورکچھ کام نہیں کر سکتے؟۔ صاحبو! اب ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی ایک اور سبیل سامنے آئی ہے۔ وہ یہ کہ اب امریکا کا صدر اوباما نئے آنے والے صدر کو اختیار حوالے کرنے والا ہے۔جانے والے صدر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ جاتے جاتے وہ کسی بھی قیدی کی سزا معاف کر سکتا ہے۔ مگر اس کی شرط یہ ہے کہ پاکستان کا وزیر اعظم نوز شریف اوباما کو ا یک خط میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی درخواست کرے۔ اس لیے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ صاحبہ نے نواز شریف کو الیکشن کے دوران کے وعدے اور خود ان سے کراچی کے گورنر ہاؤس میں کیے گئے وعدہ نبھاتے ہوئے امریکی صدر اوباما کو صرف ایک لکھ دے کہ جاتے جاتے وہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کر دے۔ ذرائع تو یہ بھی کہتے ہیں کی کہ اگر اس کے عوض غدارِ وطن ڈاکٹر شکیل آفریدی جس کو امریکا اکثرمانگتارہتاہے اگر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے بدلے دینا پڑتا ہے تو اس غدرِا وطن کوامریکا کے حوالے کر کے قوم کی بیٹی اور مظلومہِ امت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ہو سکتی ہے تو حکومت ایسا کر دے۔ اس لیے ہم کہتے ہیں کہ نواز شریف وزیراعظم پاکستان، ۸۶ سالہ قیدی ڈاکٹرعافیہ کے لیے ایک خط ضرور لکھ دو۔

Short URL: http://tinyurl.com/jqqp3wk
QR Code: