تھرپارکر میں گذشتہ نو سالوں میں 1.5 بلین کے تعمیراتی کام کیئے گئے۔ڈاکٹر مہیش کمار ملانی

Print Friendly, PDF & Email

مٹھی (ایم اے قریشی) پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے ضلع تھرپارکر سے رکن اسمبلی ڈاکٹرمہیش کمار ملانی جو میرپور خاص پی پی پی کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں گزشتہ روز پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کے 24رکنی وفد سے مٹھی تھر پارکر میں ملاقات کی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9سالوں میں1.5بلین کے تعمیراتی کام تھر پارکر میں کئے گئے ،ہم اپنے لیڈر کے ویژن کو لے کر چل رہے ہیں چیئرمین بلاول بھٹو تھر پارکر میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں اور یہی وجہ  ہے کہ تھر پارکر ایک مثبت تھرپارکر کی طرف گامزن ہے۔ صحت کے حوالے سے سوال کے جواب میں ایم پی اے مہیش کمار ملانی  نے بتایا کہ 150عمارات تعمیر کی جارہی ہیں جس میں میڈیکل ڈسپنسریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ 10ڈسپنسریز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے چھاچھرو  اور اسلام کوٹ کے ہسپتالوں  کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا گیا  ہے جبکہ مٹھی ہسپتال کو ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنا دیا گیا ہے جس کے بعد سے یہاں کے مریضوں کو دوسرے شہر جانے کی ضرورت پیش نہیں آتی 150ڈاکٹروں کا عارضی طور پر تقرر کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ مٹھی ہسپتال میں علاج کی اچھی سہولتیں موجود ہیں مزید بہتری کے لیے سندھ حکومت کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ایم ایس سول ہسپتال مٹھی کو ہدایات دی گئی ہے کہ جب ہسپتال میں ادویات موجود ہیں تو پھر باہر نجی اسٹوروں کی ادویات کیوں لکھ کر دی جاتی ہیں اس بات کو  یقینی بنائیں کہ مریض  کوموجود ہ تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں ،ان کاکہنا تھا کہ تھرپارکر کے دیہاتوں میں قائم بنیادی صحت مراکز اور ڈسپینسریز بہتر طور پر کام کر رہی ہیں اور انتظامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ہر صحت مرکز،ڈسپینسری میں ڈاکٹرز اور عملے کو پابند بنائیں اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کاروائی کریں اس میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تعلیم کے حوالے سے سوال  پرانہوں نے بتایا کہ سندھ یونیورسٹی کا کیمپس مٹھی میں کام کررہا ہے ، ایگری کلچر یونیورسٹی کے کیمپس اور کمپری ہینسیو اسکول کی منظوری  ہوگئی ہے ایک کیڈٹ کالج مٹھی میں قائم  کیا گیا ہے، مونو ٹیکنیکل کولج کو اپ گریڈ کر کے کالج آف ٹیکنالوجی بنا دیا گیا ہے جبکہ پیرا میڈیکل اسکول اور پبلک ہیلتھ اسکول مٹھی میں قائم کیے جارہے ہیں اور تقریبا 850 اسکول تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ روزگار کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پرنوکریوں کی فراہمی کو یقینی بنایا کہ جبکہ سیاحت کے فروغ کی وجہ سے یہاں کے مقامی لوگوں کے حالات بہت بہتر ہوئے ہیں مزید ان کا کہنا تھا کہ ابھی حال ہی میں اسلام کوٹ ، چھاچھرو، چیلہار، نگر پارکر، کولائی اور ڈیپلو میں سولر سے چلنے والی اسٹریٹ لائیٹس لگائی گئی اورتقریبا 200گاؤں میں بجلی  فراہم کی گئی ہے جس پر پانچ کروڑ روپے خرچ کئے گئے اور پانی کی فراہمی کیلئے اسلام کوٹ سے نگر پارکر تک 60کروڑ کی خطیر رقم سے پائپ لائن بچھائی جارہی ہیں جبکہ اسلام کوٹ سے نگر پارکر تک اور نوکوٹ سے مٹھی تک ڈبل روڈ کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ 500خاندانوں کو مفت گھر بناکر دئے گئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ جون 2017 سے اب تک متعدد بارتھر پارکرمیں  حکومت کی طرف سے دو لاکھ ستاسی ہزار خاندانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا جبکہ ہر خاندان کو پچاس کلو گرام آٹا دیا جاتاہے ۔ انہوں نے اپنی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیت تھی کہ پارلیمنٹ میں فیصلہ کن اکثریت نہ ہونے کے باوجود آئین شکن جنرل مشرف کو ایوان صدر چھوڑنے پر مجبور کیا اور پھر 1973کے آئین کو اصل شکل میں بحال کرکے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کی۔اس طرح پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا صدرآصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے وہ اختیارات جو آمروں نے غصب کئے تھے پارلیمنٹ کو واپس دئیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو یاد تھا کہ انکے قائد بھٹو نے صوبوں کو خودمختاری دینے کا وعدہ کیا تھا۔ دنیا نے دیکھا آصف علی زرداری نے صوبوں کو خودمختاری دی۔ الیکشن کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سازش کے ذریعے دیوار کے ساتھ لگایا گیا لیکن کارکنوں نے پورے پانچ سال صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔2018کا انتخاب پیپلز پارٹی جیتے گی اور پاکستان میں حقیقی تعمیر وترقی کا سفر وہی سے شروع کریگی جہاں سے رکا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور اس کے قائدین نے ہر دور میں جمہوریت اور پاکستانی عوام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ اس وقت ملک میں پوری قوم کی نظر بھٹو کے ویژن پر ہے اور ان کا ویژن بلال بھٹو زرداری ہی آگے لیکر جائینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اور کھلاڑی (سیاست میں اناڑی)ملکر بھی سیاست کے میدان میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کے وفد نے جنوری 2017 میں رکن صوبائی اسمبلی مہیش کمار ملانی کو ملکی تاریخ میں پہلی باراقلیتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کا شرف حاصل کرنے پر مبارک باد بھی دی اور تھر پارکر میں ترقیاتی کام کرانے کو بھی سراہا  اختتام پر ڈاکٹر مہیش ملانی نے تمام مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا۔

Short URL: http://tinyurl.com/y8aevs39
QR Code: