ناپاک عزائم کیساتھ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے ۔۔۔۔ تحریر: رانا اعجاز حسین چوہان

Rana Ijaz Hussain Chohan
Print Friendly, PDF & Email

مودی سرکار نے ضلع بارہ مولا کے علاقے اوڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے کی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل ہی حسب روایت پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگرد تنظیموں کو سپورٹ کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے بھی بھارتی حکومت کی تائید میں پاکستان پر روایتی الزام تراشی شروع کررکھی ہے۔ جبکہ بھارت کے دفاعی تجزیہ کاروں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ چھوٹے پیمانے پر پاکستان کے مخصوص علاقوں میں کارروائی کر کے پاکستان کو سبق سکھایا ،اور اہداف کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے ، خوش فہمی میں مبتلا بھارتی دفاعی تجزیہ کاروں کی سوچ ہے کہ اس طرح کی کاروائی سے جوہری جنگ کا خطرہ بھی پیدا نہیں ہو گا۔ حالانکہ سب جانتے ہیں کہ پاکستانی جوہری ہتھیاروں کا بٹن پاک فوج کے ہاتھ میں ہے اور آرمی چیف پاکستان کئی بار اس عزم کا اعادہ کرچکے ہیں کہ پاک فوج پاک سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی ۔بھارت کے اشتعال انگیز بیان اور پراپیگنڈا کا نوٹس لیتے ہوئے آرمی چیف پاکستان جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ہم تمام حالات سے بخوبی آگاہ ہیں اور علاقے میں واقع ہونے والے تازہ ترین واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بلاواسطہ اور بالواسطہ ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پاکستانی افواج داخلی و خارجی ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتی ہے۔ قومی حمایت سے پاک افواج ہر چیلنج میں سرخرو ہوئی اور مستقبل میں بھی ملکی سا لمیت و استحکام کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔
بھارت یاد رکھے اہل پاکستان بھارت کی دھمکیوں سے ڈرنے والے ہرگز نہیں۔ لیکن صد افسوس کہ بھارتی حکمران و سیاست دان نہ صرف ایسے اقدامات میں ملوث رہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے بلکہ وہ دیگر ممالک کے اندرونی معاملات پر مداخلت پر فخر بھی محسوس کرتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے حالیہ بیانات کے بعد بھارتی حکومت کی منافقت ، پاکستان دشمنی اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہونا، اقتصادی راہداری کی مخالفت ، اور پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے بدامنی پیدا کرنامذید عیاں ہوجاتا ہے۔ ایک دشمن سے اس سے زیادہ توقع ہی کیا کی جاسکتی ہے۔ مگر بھارت نے روایتی دشمنوں سے کہیں زیادہ دشمنی نبھائی ہے جس سے اس کے مکروہ عزائم پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوئے ہیں۔ ایک طرف تو بھارت اپنی ایجنسیوں کے ایما ء پر بلوچستان، کراچی اورملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ کاروائیوں کے ذریعہ آگ و خون کا ناپاک کھیل کھیل رہا ہے تو دوسری جانب پاکستان پر ہی دہشت گردی کے الزامات عائد کررہا ہے۔ بھارت کی آئے روز سازشیں انتہاء کو چھو رہی ہیں جبکہ دوسری جانب مودی حکومت براہ راست بلوچستان میں دراندازی کے نئے نئے حربے استعمال کر رہی ہے،بھارت نے بلوچستان میں سٹیلائٹ کے ذریعے آل انڈیا ریڈیو کی نشریات بلوچ زبان میں شروع کردی ہے۔ سٹیلائٹ کے ذریعے ایف ایم ریڈیو بلوچستان بھر میں سنا جاسکتا ہے۔ بلوچستان میں علیحدگی پسندوں اور کراچی میں دہشت گردوں کی پیسے اور اسلحہ سے سرپرستی اب کوئی راز نہیں رہا۔ پاکستان کو ’’را‘‘کی مداخلت کے ٹھوس ثبوت مل گئے ہیں۔
پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور دشمن ملکوں کے آلہ کاروں ، دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان کسی بھی ملک میں دہشت گردی کا سوچ بھی کیسے سکتا ہے۔ جبکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آج پاکستان میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی اور قتل غارت کے واقعات رونماء ہورہے ہیں ان سب کے پس پردہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘سمیت دیگر ایجنسیاں اور بھارتی فوج، اور خطے کو آگ و خون کی ندی بنانے کا خواب دیکھنے والے بھارتی انتہاپسندجنونی ہندوؤں کی تنظیمیں ہی کارفرماہوتی ہیں۔ جبکہ بھارت نے تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں جدید ترین اسلحہ سے لیس سات لاکھ فوج تعینات کررکھی ہے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہاء کررکھی ہے ، کشمیر ی مسلمان سنگین ترین حالات سے دوچار ہیں ، آزادی کے لئے جدو جہد کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو بدترین تشدد کرکے ہلا ک کیا جارہا ہے، حریت رہنماؤں کو بھارتی سرکار نے پابند سلاسل کررکھا ہے ، کشمیر بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی سفاکیت اور ظلم کے خلاف اہل کشمیر نے تقریباً تین ماہ سے ہڑتال کررکھی ہے ۔ پاکستان پر مودی سرکار کے حالیہ الزامات اور دھمکیاں مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے ۔
آج پاکستان کا شمار دنیاکی ان عظیم ایٹمی طاقتوں میں ہوتاہے جس کا بھارت کبھی گما ن بھی نہیں کرسکتا، آج اگر پاکستان چاہئے تو ایک پل بھی نہ لگے کہ بھارت کا جنگی جنون اور اس کی پاکستان کو دھمکانے والی ساری گیڈربھبکیاں سب خاک ہوجائیں مگر پاکستان ایسانہیں چاہتاہے ۔ پاکستان اعلیٰ درجے کی ایٹمی صلاحیتوں ، اور دنیا بھر میں نمبر ون فوج سے مالامال ہوکر بھی خطے میں محبت اور بھائی چارگی اور امن و سکون اورطاقت کے توازن کے دائمی قیام کے خاطر بھارت کو برداشت کررہاہے ، بھارت کو یہ بات اچھی طر ح سے سمجھ لینا چاہئے کہ پاکستان نہ تو بھارت سے کسی معاملے میں کم ہے اور نہ ہی کسی میدان میں پیچھے ہے اگر اس کی برداشت کی حد جواب دے گئی تو بھارت کو خطے میں اپناوجود قائم رکھنابھی مشکل ہوجائے گا۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور پاکستان کے عوام نہ کسی طرح سے کمزور ہیں نہ ہی بزدل، اگر بھارت کی جانب سے کسی جارحیت کا سوچا بھی گیاتو اسے ایسی فاش شکست دی جائے گی جوکہ رہتی دنیا تک مثال ہوگی۔ پاکستان اپنی بقاء اور سا لمیت کے لیے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے بھی قطعاً دریغ نہیں کرے گا۔

Short URL: http://tinyurl.com/jx6ahf8
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *