دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان جیتا، دنیا ہار گئی

Print Friendly, PDF & Email

تحریر۔لاریب فاطمہ ملک
وہ جو کہتے تھے کہ پاکستان پرامن ملک نہیں۔وہاں اکانومی محفوظ نہیں۔عوام محفوظ نہیں۔آج اُن عناصر کو مُنہ کی کھانا پڑرہی ہے ۔کیونکہ پاکستان نے تمام الزامات کا جواب اقدامات سے دیا ہے۔ اور آج بے شک پاکستان ایک پرامن اور خوشحال ملک ہے ۔دہشتگردوں کا قلع قمع کرچکا ہے۔جو دن بدن ترقی کی سیڑھیاں عبورکررہا ہے ۔گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم کاانعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی تھے۔تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال،وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سمیت دیگر بھی شریک تھے۔وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان جیت گیا، دنیا ہارگئی، بے پناہ قربانیوں کے باعث آج پاکستان محفوظ ملک ہے،وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کا مسئلہ سمجھے اور حل کرے۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے، دہشت گردی کے خلاف ہزاروں جانیں قربان ہوئیں، پاکستان کے علاوہ کوئی نہیں جس کی 2 لاکھ سے زائد فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا۔وزیر اعظم نے ملک کے مذہبی قائدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پہلی بار 1800 علماء کرام نے جہاد کے معنی اور خودکش حملوں پرفتوی دیا،پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن کا خواہش مند نہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے سے پاکستان اپنی اصل منزل کی جانب گامزن ہے، عالمی امن کیلئے پاکستانی قوم نے اپنی جان مال سب قربان کر کے بے مثال کردار ادا کیا ، موجودہ حکومت نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ملک میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ۔وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے دن ختم ہوگئے اور اب ملک ترقی کریگا، ملک میں پائیدار ترقی کے حصول کے لیے کوشاں ہیں،سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجودہیں، سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کے مواقع میسر ہوں گے۔تقریب سے دیگر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔اس میں کوئی شک نہیں کہ جب 2013ء میں وفاقی حکومت مسلم لیگ ن برسراقتدار آئی تھی تو دہشتگردی کی ایک لہر پورے ملک میں جاری تھی لیکن پھر وفاقی حکومت کی کوششوں اور پاکستان کی مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کی انتھک محنت اور قربانیوں کے باعث آج ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور نہ صرف دہشتگردی کا خاتمہ بلکہ معاشی طور پر بھی ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس سے ملک کی معیشت مضبوطی کی جانب گامزن ہے ۔پاکستان کی موجودہ سول وعسکری قیادت ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بھی قریبی برادرانہ تعلقات استوار کرنے میں کوشاں ہے ،حالیہ عرصہ میں ہمسائیہ ممالک کے سربراہان کے پاکستان کے دوروں سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمسائیہ ممالک بھی پاکستان کی کامیابیوں کودیکھ کر پاکستان کیساتھ معاشی ،برادرانہ تعلقات مزیدمضبوط کرنے کے متمنی ہیں۔اس سلسلے میں پاکستان کا عظیم ترین دوست چین سب سے آگے ہے جو پاکستان کے ہر خوشی غم میں برابر کا شریک ہوتا ہے ،آج چین پاکستان میں سی پیک منصوبوں کے ذریعے اربوں کی سرمایہ کاری کررہا ہے جس سے نہ صرف خطے میں بلکہ پاکستان دنیا میں ایک ترقی یافتہ ملک بن کر ابھر رہا ہے ۔اسی لیے تو پاکستان کے روایتی دُشمن بھارت کے پیٹ میں مروڑ اُٹھ رہے ہیں اور وہ پاکستان کیخلاف سازشوں کے جال بُن رہا ہے اور آئے روز پاکستان کے سرحدی علاقوں پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کررہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے ،لیکن بھارت کو ہر دفعہ مُنہ کی کھانا پڑتی ہے ،انشااللہ وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیریوں کو بھی بھارتی ظلم وبربریت سے نجات ملے گی۔ آخر میں بس یہی التجا ہے کہ ملک کی تمام محب وطن سیاسی جماعتیں عوام کو پاکستان کی کامیابیوں سے ثمر آور ہونے دیں اور عام الیکشن کے انعقاد کو کامیاب بنانے کیلئے موجودہ جمہوری حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پاکستان کی کامیابیوں کایہ سلسلہ چلتا رہے۔یہ ملک اسی طرح جگمگاتا اور ہر میدان میں آگے بڑھتارہے۔

Short URL: http://tinyurl.com/ycw6lql5
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *