نفس مطمئنہ

Print Friendly, PDF & Email

تحریر: قاری عبد المجید، جلالپور جٹاں
اس میں کوئی شک نہیں کہ زندگی کی خوب صورتی کے بہت سے اجزاء ہیں لیکن نفس مطمئنہ زندگی کے حسن و جمال کا مجموعہ ہے۔ النفس المطمئنہ ایک قرانی اصطلاح ہے جو خوب صورت زندگی کے لیے استعمال ہوئی ہے ۔جب حب الہی ہی مقصد زندگی ہو اور اللہ کے فیصلے کے سامنے تسلیم ورضا ہوتو پھر زندگی انگاروں کے اوپر، زیر حجر بھی غلام بلال کو مؤذن رسول اور سیدنابلال بنا تی ہے۔ پھر زندگی دیار غیر میں بھی زیر خنجر سجدہ ریز حسین کو حق کا استعارہ اور آنکھوں کا تارا بنا تی ہے۔ پھر زندگی فقر و قناعت میں بھی ابوذر کو خاک نشینی میں وہ فرحت وطمانیت عطا کرتی ہے کہ مقصد زندگی سے نا آشناریشم و حریر پہ سونے والے جس کا تصوربھی نہیں کرسکتے۔ پھر زندگی سخاوت کے پیکر عثمان غنی کو سروسامانی کی فراوانی میں خدمت خلق سیاس کیف وسرورسے سرفراز کرتی ہے جو بخیل دنیاداروں کے وہم وگمان میں بھی نھیں آسکتا۔ پھر زندگی زید کو رحمت عالم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی غلامی میں بھی والدین کی آغوش رحمت سے بھی زیادہ پر آسایش و پر سکون محسوس ہوتی ہے۔
خوب صورت زندگی وہ نہیں جو دوسروں کوپرلطف زندگی کے گر بتائے اور وہ زندگی خود،خود کشی پہ منتج ہو۔ خوبصورت زندگی وہی ہے جو صبغت اللّٰہ کے رنگ میں رنگی ہو،عشق مصطفیٰ سے لبریز اور تقویٰ سے سجی ہو۔مال ومتاع سیمزین زندگی جو انسان کوحرص وہوس میں سرگرداں کیے رکھے وہ خوبصورت کیسے ہو سکتی ہے؟ باغات میں گھرے محل میں محمل پہ سونے والا جو حسد کی آگ میں جل رہا ہو اس کی زندگی کو حسیں کیسے کہا جاسکتا ہے۔؟ زندگی کا حسن وہ نہیں جونظرآتا ہے زندگی کا حسن وہ ہے جوانسان خود محسوس کرتاہے۔ خوبصورت زندگی وہ ہے جوشکوؤں ں سیدور اورصبروشکر سے معمورہو۔ خوب صورت زندگی وہ نہیں جو اپنے آپ کو بھلی لگے اور دوسروں کو گھن آنے۔ خوب صورت زندگی وہ ہے کہ زندگی کے اسرار و رموز سے واقف جس کے گن گائیں۔ خوب صورت زندگی وہ ہے جوخوشیاں بکھیریاورغموں کا مداوا کرے۔ اس زندگی کے حسن وجمال کے کیا کہنے جس کی ابتداء نفس مطمئنہ، جس کا شباب حیات طیبہ اور جس کا عروج راضیۃ مرضیہ پہ ہوتاہے۔ یہی وہ زندگی ہے جس پہ سکینت اترتی ہے اور رحمت برستی ہے۔ جس کی سلامتی و مغفرت کی خلق خدا دعائیں کرتی ہے، جسے حسن کارکردگی پہ سلام ربی کااعزازملتاہے اورحوروغلمان اس کا استقبال کرتے ہیں۔

Short URL: http://tinyurl.com/y2w487n5
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *