عکسِ اقبال ہم سے جدا ہو گیا۔۔۔۔ شاہ فیصل نعیم

Shah Faisal Naeem
Print Friendly, PDF & Email

۱۱ سال کی عمر میں وہ آغوشِ محبت سے محروم ہو گیا ابھی کوئی زیادہ وقت نہیں گزرا تھا کہ ۱۴ سال کی عمر میں باپ کا سایہِ شفقت بھی سر سے اُٹھ گیا۔ مگر دنیا کو اُس میں ایک عظیم شخص کی جھلک نظر آتی تھی ۔ لوگوں نے اُسے بے پناہ محبتو ں سے نوازا۔اُس نے ۱۹۴۴ء میں گورنمنٹ کالج لاہور جسے ایک عظیم درس گاہ کا درجہ حاصل ہے سے بی اے (آنرز) کی ڈگری حاصل کی ۔ ۱۹۴۸ء میں ایم اے انگلش اور ایم اے فلاسفی کا امتحان امتیاز کے ساتھ پاس کیا ۔ ۱۹۵۴ء میں کیمرج یونیورسٹی سے فلاسفی میں پی ایچ ڈی کے بعد دنیا اُسے ڈاکٹر کے نام سے جاننے لگی۔ تشنگیِ علم اُسے لنکن اِن لے آئی جہاں سے ۱۹۵۶ ء میں بیرسٹر ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی۔ ناصرہ اقبال کو آپ کی جیون ساتھی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔
۵ اکتوبر ۱۹۲۴ء کو علامہ محمد اقبال ؒ اور سردار بیگم کے ہاں سیالکوٹ میں ایک بچہ جنم لیتا ہے۔ یتیمی جس کا مقدر ٹھہرتی ہے مگر آج دنیا اُسی بچے کو جاوید اقبال کے نام جانتی ہے۔
آپ نے اپنے کیرئیر کا آغاز لاہور ہائی کورٹ سے بطور ایڈوکیٹ کیابعد میں جج اور ۱۹۸۲ء سے ۱۹۸۶ ء تک بحیثیتِ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ آپ خدمات انجام دیتے رہے۔۱۹۸۶ء سے ۱۹۸۹ء تک کا سفر آپ نے سنئیر جسٹس آف سپریم کورٹ آف پاکستان کی حیثیت سے طے کیا۔آپ سینٹ آف پاکستان کے ممبر رہے اس کے علاوہ آپ کو ۱۹۶۰ء سے ۱۹۶۲ء اور ۱۹۷۷ء کو
United Nations General Assembly
میں پاکستانی کی نمائندگی کا اعزاز حاصل رہا۔ حدود لاز کے حوالے سے اپنی کی خدمات کو ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ آپ قانون دان ہونے کے ساتھ فلاسفر بھی تھے آپ کی تخلیقات کو عوام میں بہت پذیرائی ملی۔ آپ کے نوکِ قلم سے جو الفاظ ادا ہوئے وہ ہمارے پاس آئیڈیالوجی آف پاکستان،
Stray Reflections: A Note-Book of Iqbal،Legacy of Quaid-e-Azam
، مئے لالہ فام،زندہ رود،افکارِ اقبال،
Pakistan and the Islamic Liberal Movement
، جہانِ جاوید: ڈرامے، افسانے، مقالے،
Islam and Pakistan’s Identity،The Concept of State in Islam : A Reassessment
،اپنا گریباں چاک (آپ بیتی)اور خطاباتِ اقبال جیسی کتابوں کی شکل میں محفوظ رہیں گے۔
آپ کی خدمات کے صلے میں حکومتِ پاکستان نے آپ کوہلالِ امتیاز جیسے اعزاز سے نوازا۔ علامہ محمد اقبال نے اپنی ایک کتاب کا نام اپنے بیٹے کی مناسبت سے “جاوید نامہ ” رکھا ۔ اس کے علاوہ علامہ محمد اقبال ؒ کی بہت سے نظمیں ایسی ملتی ہیں جو آپ نے اپنے بیٹے کے لیے لکھی۔ جن کا مقصد نوجوان نسل کی صلاح تھا۔ آپ کی مشہورِ زمانہ نظم جو آپ نے اپنے بیٹے کے نام لکھی جو اس وقت بالِ جبرائیل میں موجود ہے ایک خاص اہمیت کی حامل ہے۔ جس کے ہر ہر شعر میں ایک نیا جہاں آباد ہے۔

دیارِ عشق میں اپنا مقام پیدا کر
نیا زمانہ نئے صبح و شام پیدا کر
خدا اگر دلِ فطرت شناس دے تجھ کو
سکوتِ لالہ و گل سے کلام پیدا کر
اُٹھا نہ شیشہ گرانِ فرنگ کے احساں
سفالِ ہند سے مینا و جام پیدا کر
میں شاخِ تاک ہوں میری غزل ہے میرا ثمر
مرے ثمر سے مئی لالہ فام پیدا کر
میرا طریق امیری نہیں فقیری ہے !
خودی نا بیچ غریبی میں نام پیدا کر

جاوید اقبا ل کی شکل میں لوگوں کو اقبال ؒ نظرآتے تھے۔ مگر آج ۳ اکتوبر ۲۰۱۵ ء کو عکسِ اقبال ہم سے رخصت ہو گیا۔ تاریخ آپ کو کبھی فراموش نہیں کر پائے گی۔ آپ کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ آپ کا ہر چاہنے والا دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو غریقِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین!

Short URL: http://tinyurl.com/h72me4j
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *