شہر کے گنجان ترین روڈ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران نامعلوم ڈاکوؤں نے زرگر سے 23 لاکھ کی خطیر رقم چھین لی
تلہ گنگ (چودھری نذر حسین) تلہ گنگ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش، شہر کے گنجان ترین روڈ پر پنجاب بنک کے قریب ڈکیتی کی سنگین واردات کے دوران نامعلوم ڈاکو زرگر سے دن دیہاڑے 23لاکھ کی خطیر رقم گن پوائنٹ پر چھین لی ، مزاحمت پر زرگر پر فائر کھول دیا ، زرگر زخمی ، نامعلوم ڈاکو فرار۔تفصیلات کے مطابق احمد مجتبیٰ نامی تلہ گنگ کا رہائشی پنجاب بینک سے 23لاکھ روپے نکلوا کر جارہا تھا کہ گلی مہاجرین میں دو نامعلوم ڈاکو گن پوائنٹ پر رقم چھین کر فرار ہو گئے۔دوران ڈکیتی احمد مجتبی زرگر کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائر کر کے اس کو زخمی کردیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر کے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کر دی۔ جبکہ زخمی زرگر کو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب ، آر پی او راولپنڈی سے علاقہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کےلئے فوری اقدامات اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Leave a Reply