گھر پیارا گھر
۔پیار ایک ایسی چیز ہے جو آپ کے ارادے اور مرضی کے تابع نہیں ۔یہ پیار تو دیوانہ ہوتا ہے اسے انڈیلا نہیں جا سکتا ۔اس کے چشمے خود بخود ہی اُبل پڑتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ آپ کو اپنی امی ابو سے انتہا کی حد تک لگائو اور محبت کیوں ہے؟۔کیا آپ اپنے امی ابو کو ان کی شکل و صورت کی وجہ سے یا ان کی آمدن کی مقدار سے یا کسی اور لالچ اور حرص کی وجہ سے محبت اور چاہت کرتے ہیں یا کوئی اور وجہ سے؟ میں بلکہ دنیا کے تمام لوگ یہی کہئنگے کہ نہیں ہماری محبت کی وجہ اپنے والدین سے کسی مفاد کے تحت نہیں بلکہ ہمارا پیار خالص اور بناوٹ سے پاک ہے۔ جب سب کا جواب ایک ہی ہے تو یہ بات ثابت ہوئی کہ پیار و محبت کرنے کی چیز نہیں بلکہ پیار کوئی اور شے ہےجس کا آغاز اور ابھار گھر سے شروع ہوتا ہے ۔جہاں ایک خاندان کے لوگ محبت اور چاہت کے جذبے سے اپنے رشتے استوار کرتے ہیں نہ کی مفادات کی خاطر۔گھر ایک خوبصورت جگہ کا نام ہے جہاں سے ایک خوبصورت زندگی کا آغاز ہوتا ہے۔اسی تناظر میں ذرا اپنے گھر کی چار دیواری سے پرے اپنی نظریں دوڑائیں تو ہمیں اپنے گھر کی چار دیواری یا احاطہ کچھ اور نہیں بہت بڑا وسیع دکھائی دیگا جہاں ہمیں ہمارا محلہ ہمارا گائوں اور ہمارا شہر دکھائی دے گا ۔یہ بات ذہن نشین کرنے والی ہے کہ آپ کی آنکھ جو دیکھتی ہے اس کی ظاہری حثیت کے ساتھ ساتھ اس کے اندر ایک اور چھپی ہوئی چیز ہر دم موجود رہتی ہے ۔جس کو دیکھنے اور سمجھنے کے لئے آپ کے اندر ایک خوبصورت اور مفادات سے مبرا دل کا ہونا یا موجودگی ضروری ہے ۔جب ایسا ہوگا تو کوئی وجہ نہیں کہ اپنا گھر پیارا نہ لگے۔میرا گلگت میرا گھر ہے۔اور یہ مجھے اپنا گھر کیوں لگتا ہے اس کی وجہ پہلے بیان کر چکا ہوں ۔افتخار عارف کے اس شعر کے ساتھ
مرے خدا مجھے اتنا تو معتبر کر دے
میں جس مکان میں رہتا ہوں اس کو گھر کر دے
Leave a Reply