کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ جیت ہی لی

کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پی ایس ایل فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 139 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوورز میں حاصل کر لیا۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
گلیڈی ایٹرز کے بولروں محمد حسنین، ڈیوئن براوو اور سہیل تنویر نے اپنا جادو دکھایا اور بعد ازاں گلیڈی ایٹرز کے ٹاپ آرڈر نے بھی سرفراز کو دھوکہ نہیں دیا۔
139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شین واٹسن تھے جو تیسرے اوور میں صرف سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ 66 کے مجموعی سکور پر زلمی کو دوسری کامیابی احسن علی کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد تیسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد اور ریلی روسو نے 73 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
Leave a Reply