کرکٹ کے عالمی کپ میں گروپ میچز کا مرحلہ آج اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ گروپ اے اور گروپ بی میں صرف دو ہی ٹیمیں ناقابلِ شکست رہیں۔ گروپ اے سے کون کون کوارٹر فائنلز میں جائیں گی اس کا فیصلہ ہوچکا تاہم اس وقت جاری آئرلینڈ اور پاکستان کے میچ کا نتیجہ گروپ بی کی اس ٹیم کا فیصلہ کرے گا جو کوارٹر فائنل میں جائے گی۔ لیکن یہ اتنا آسان بھی نہیں۔ گروپ بی میں بھارت اور جنوبی افریقہ نے کوارٹر فائنلز کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر لیا ہوا ہے۔ سوال ہے تو تیسری اور چوتھی ٹیم کا۔ اتوار کے روز پول بی کے دو میچز میں سے ایک کا نتیجہ سامنے آچکا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے متحدہ عرب امارات کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ متحدہ عرب امارات نے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 176 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جسے ویسٹ انڈیز نے 31ویں اوور میں پورا کر لیا۔ اس جیت کی بدولت ویسٹ انڈیز نے نہ صرف مزید دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں بلکہ پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے سے چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔

لیکن پول بی سے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی باقی دو ٹیموں کا اصل فیصلہ پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہی ہو گا۔ کرک انفو کے مطابق اگر پاکستان آئرلینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا تو وہ کواٹر فائنل میں چلا جائےگا اور اپنی تیسری پوزیشن واپس حاصل کر لے گا۔ اس کے ساتھ جانے والی دوسری ٹیم ویسٹ انڈیز ہوگی۔ تاہم اگر 2007 کے عالمی کپ کی تاریخ نے خود کو دہرایا یعنی آئرلینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا تو ایسے میں رن ریٹ گرنے کی صورت میں پاکستانی ٹیم اپنی پوزیشن تو کھوئے گی لیکن سب سے برا نقصان یہ ہوگا کہ وہ عالمی کپ کے مقابلوں کی دوڑ سے بھی باہر نکل جائے گی اور اسے گھر واپس لوٹنا ہوگا۔ لیکن جیسے کہ پہلے کہا یہ اتنا آسان نہیں۔ تیسری صورت ہے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہونے کی۔ اگر پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوتا ہے یا ٹائی ہوتا ہے تو اس صورت میں پاکستان اور آئرلینڈ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی اور ویسٹ انڈیز کو گھر واپس جانا ہو گا۔ گروپ بی میں سب سے پہلا نمبر دفاعی چیمپئین بھارت کا ہے۔ جو گروپ میچز میں ناقابلِ شکست رہی ہے۔ دوسرا نمبر جنوبی افریقہ کا ہے جس نے چھ میں سے چار میچز میں کامیابی حاصل کی۔
گروپ اے

گروپ اے کی کل سات ٹیموں میں سرِ فہرست ٹیم نیوزی لینڈ ہے۔ کل چھ گروپ میچز میں نیوزی لینڈ نے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی اور 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ گروپ اے کی دیگر ٹیمز میں آسٹریلیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، افغانستان اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ سکاٹ لینڈ، افغانستان اور انگلینڈ تینوں ٹیمیں عالمی کپ سے باہر ہو چکی ہیں۔ انگلینڈ نے کل چھ میں سے دو میچز جیتے، افغانستان ایک میں کامیابی حاصل کر پایا جبکہ سکاٹ لینڈ کی ٹیم ایک میچ بھی نہیں جیت پائی۔ کواٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی پول اے کی ٹیموں میں اب تک ناقابلِ شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کے بعد سابق عالمی چیمپیین آسٹریلیا کا نمبر آتا ہے۔ آسٹریلیا نے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ میں بارش ہونے کے باعث اسے اضافی پوائنٹ مل گیا۔ یوں اپنے ہی ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے والی اس ٹیم کے کل پوائنٹس نو ہیں۔ پول اے میں پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا نمبر سری لنکا کا ہے۔ جس نے دو میچوں میں ناکامی کا سامنا کیا اور آٹھ پوائنٹس حاصل کیے۔ کواٹر فائنلز میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کرنے والی آخری ٹیم کا نام بنگلہ دیش ہے۔ جس نے چھ میں سے تین میچز جیتے اور آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بارش کی بدولت اسے ایک اضافی پوائنٹ ملا یوں اس کے پوائنٹس کی تعداد سات ہے۔
Leave a Reply