سجاول میں تاجر کے گھر ڈکیتی، ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار

Print Friendly, PDF & Email

سجاول میں تاجر اتحاد اور جے یو آئی رہنماء کے گھر میں ڈکیتی ہوگئی، ملزمان لاکھوں روپے چوری کرکے فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، لاکھوں روپے نقدی، زیورات، دو ٹی ٹی پستول اور گولیاں بھی برآمد کرلیں۔

سجاول میں گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا محمد اسماعیل قاسمی کے چچا زاد بھائی اور معروف تاجر رہنماء حاجی نور احمد میمن کے گھر سے چور الماریاں اور تجوری توڑ کر 45 لاکھ روپے کی رقم اور تقریباً 35 لاکھ روپے کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

نمائندہ سماء کے مطابق چوری کی واردات اس وقت کی گئی جب گھر کے تمام افراد قریبی رشتہ دار کے انتقال کے باعث ان کے گھر گئے ہوئے تھے، گھر خالی دیکھ کر ملزمان نے گھر میں کود کر لاکھوں روپے نقدی اور زیورات لوٹ لئے، اہل خانہ کو گھر واپس آنے پر چوری کا پتہ چلا جس کے بعد پولیس کو اطلاع کی گئی۔

پولیس نے شک کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پڑوس کے گھر پر چھاپہ مار کر سراج میمن کو گرفتار کیا، جس نے دوارن تفتیش چوری کرنے کا اعتراف کرلیا، ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے گڑھا کھود کر چھپائی گئی رقم اور چوری شدہ طلائی زیورات برآمد کرلئے، جبکہ ایک اور ساتھی عمران میمن کو بھی حراست میں لے لیا، ایک ملزم نذیر میمن فرار ہے۔

دوسری جانب حاجی نور احمد کے بیٹے سجاد میمن نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے 19 لاکھ روپے کی رقم ظاہر کی گئی ہے جبکہ ہمارے 45 لاکھ روپے چوری ہوئے ہیں۔

Short URL: http://tinyurl.com/y5dhvhm8
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *