بے حجابی کو بھی اک حجاب چاہیے
تحریر: ام حسان
اسلام کی نظریاتی اساس پہ بننے والے ملک پاکستان کو شروع دن سے ہی مسائل کا سامنا رہا،نوزائیدہ مملکت معاشی اور دفاعی شعبوں میں بالکل صفر تھی ایسے میں یکے بعد دیگرے ان رہنماؤں کا دار فانی سے کوچ کر جانا جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جدوجہد آزادی کو قیام پاکستان تک لائے، قائد اعظم محمد علی جناح کا انتقال کر جانا اور لیاقت علی خان کی شہادت دو ایسے واقعات تھے کہ اسکے بعد پاکستان کو مخلص قیادت نہ مل سکی،اگر مخلص قیادت ملی ہوتی تو پاکستان نظریہ پاکستان کے مطابق ہر شعبے میں اپنی پالیسی مرتب کرتا۔
نظریہ پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان میڈیا کے عروج اور اور ہماری غیر اسلامی میڈیا پالیسی نے پہنچایا،اور یہ اتنی خاموشی سے ہوا کہ ہمیں محسوس بھی نہی ہوسکا،فلم ،ڈرامہ،سٹیج اور تھیٹر،میڈیا کے یہ ہتھیار کامیابی سے استعمال کرنے کے بعد ایک میزائل کی صورت میں حملہ ہوا ،ہماری تہذیب وثقافت پہ اور وہ یہ تھا کہ دنوں کے چکر میں گھن چکر بنا دیا گیا۔
مدرز ڈے،فادرز ڈے،وومن ڈے،بلیک فرائی ڈے،اپریل فول،اور سب سے واہیات ڈے ویلنٹائن ڈے۔
ویلنٹائن ڈے کے حامی یہ دلیل پیش کرتے ہیں کہ یہ تو محبت کرنے والوں کا دن ہے،محبت ماں سے بھی ہو سکتی ہے باپ سے بھی غرض ہر رشتے سے محبت کا اظہار کر سکتے ہیں ہم ویلنٹائن ڈے پر۔۔۔!!!
لیکن حقیقت میں یہ مجازی محبت اور روایتی قسم کے عاشقوں کا عالمی دن ہوتا ہے،سرخ گلابوں کا تبادلہ ہوتا ہے،چاکلیٹ دی جاتی ہیں،سرخ بھالو تحفے میں دئیے جاتے ہیں،محبت کی آڑ میں حیا کے جنازے نکلتے ہیں،اس دن کو ایجاد کرنے والے اتنے ذوق و شوق سے نہی مناتے ہوں گے جتنے پاکستانی عوام اور میڈیا مناتا ہے،خصوصی سیلز لگتی ہیں،خاص طور پہ ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے اس دن کی مناسبت سے تمام اشیاء پر، اگر ہم اپنی نظریاتی اساس برقرار رکھتے تو آج ہم وہ ریاست ہوتے جہاں بے حجابی پہ پابندی ہوتی،لیکن ہم نہ مسلم ملک بن سکے اور نہ سیکولر ملک۔
عورت ماڈلنگ کے نام پہ بے حجاب ہوئی،فن کے نام پہ بے حجاب ہوئی،عورت کو تحفظ کے نام پہ بے گھر کر دیا گیا،فیشن کے نام پہ بے لباس کر دیا گیا،اور عالمی یوم محبت کے نام پہ بے حجابی کو اس عروج پہ پہنچا دیا گیا کہ
اب۔۔۔۔اب۔۔۔۔
بے حجابی کو بھی اب حجاب چاہئے۔
Leave a Reply