اینڈروئڈ نظام کے سکرین لاک میں نقص دریافت

امریکہ میں یونیورسٹی آف ٹیکسس کے محققین نے اینڈروئڈ آپریٹنگ نظام میں ایسے نقص کا پتہ چلایا ہے جو کسی موبائل کو ان لاک کیے بغیر صارف کی اس تک رسائی ممکن بنا دیتا ہے۔ محققین کے مطابق اگر آپ اس نظام کے تحت کام کرنے والی کسی موبائل فون یا ٹیبلٹ کو کھولنے کی کوشش کے دوران غیرمعمولی حد تک طویل پاس ورڈ تحریر کریں تو لاک سکرین مخصوص حالات میں کریش کر جاتی ہے۔ اس انکشاف کے بعد گوگل نے بدھ کو یہ نظام استعمال کرنے والی اپنی نیکسس مصنوعات کے لیے سکیورٹی پیچ جاری کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے فی الحال کسی بھی صارف کے اس نقص سے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ لاک سکرین کے کریش ہونے کے بعد محققین فون کے ڈیٹا اور اس میں موجود ایپلیکیشنز تک رسائی پانے میں کامیاب رہے۔ اینڈروئڈ کے تقریباً 21 فیصد صارف ایسا آپریٹنگ نظام استعمال کر رہے ہیں جس میں یہ خرابی موجود ہے۔ امریکی محققین کا کہنا ہے کہ اگر صارف نے فون لاک کرنے کے لیے پاس ورڈ کی جگہ پن کوڈ یا لاکنگ پیٹرن استعمال کیا ہے تو وہ اس نقص سے متاثر نہیں ہو گا۔
(بشکریہ: بی بی سی اُردو)
Leave a Reply