زکوٰة ایک اہم رکن اسلام اس کی تحصیل اور تقسیم

Abu Faisal Muhammad Manzoor Anwar
Print Friendly, PDF & Email

تحریر:ابو فیصل محمد منظور انور
زکوٰة وہ عظیم الشان عبادت ہے جو کہ اسلام کے ارکان میں سے اہم رکن قرار دی گئی ہے اور سابقہ آسمانی مذاہب میں بھی فرض بتلائی گئی ہے۔شریعت محمدﷺ نے دیگر اَحکام کی طرح اس میں بھی اپنا تکمیلی کام مکمل کر کے نہایت ہی خوبی کے ساتھ زکوٰة کا پورا نظام تیار کیا ہے۔ ابتدائے اسلام ہی سے جس طرح نماز کا حکم دیا گیا اسی طرح صدقہ و خیرات کی ترغیب بھی ساتھ ساتھ شروع ہوئی۔ سورئہ مزمل وحی کی ابتدائی سورتوں میں سے ہے، اس میں بتصریح نماز اور زکوٰة دونوں کا حکم موجود ہے ۔زکوٰة بارے ارشارباری تعالیٰ ہے:۔۔ ”اور قائم کرو نماز اور دیتے رہو زکوٰة اور قرض دو اللہ کو اچھی طرح پر قرض دینا اور جو کچھ آگے بھیجو گے اپنے واسطے کوئی نیکی اس کو پاﺅ گے اللہ کے پاس بہتر اور ثواب میں زیادہ“۔۔ نبی کریمﷺ کا طریقہ اُمت کو عملاً اسلام کی تعلیمات پر کاربند بنانے کا تھا، اس لیے حالات کی مناسبت کے ساتھ ساتھ تعلیمات کی تفصیل اور اس کے متعلق احکام کی تشریح آہستہ آہستہ تکمیل کو پہنچائی گئی۔ مکہ معظمہ میں مسلمانوں کی پریشانی اور شکستہ حالی کی جو کیفیت تھی اورزکوٰة کے لیے کوئی نصاب و مقدار متعین نہیں ہوئی تھی ۔ ہجرت مدینہ کے بعد جب مسلمانوں کو کسی قدر اطمینان ہوا اور انھوں نے کچھ اپنا کاروبار شروع کیا تو روزہ کے ساتھ صدقہ¿ فطر واجب ہوا ، تاکہ غریب و محتاج لوگ بھی اپنی عید کا دن پیٹ بھر کر خوشی اور مسرت سے گزاریں۔اس کے بعد جب مسلمانوں کو صدقہ و خیرات کی عام طور سے تاکید کی گئی تو انھوں نے دریافت کیا: یا رسول اللہ ! ہم کیا خیرات کریں؟ ۔ جیسا کہ قرآن پاک میں ہے،، اور تجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا خرچ کریں۔ کہہ دے : جو بچے اپنے خرچ میں سے“ ۔۔یہ زکوٰة کے تعین بارے میں اسلام کا پہلا قدم تھا۔ جب مسلمانوں کو فتوحات نصیب ہونے لگیںاور تجارت کی آمدنی شروع ہوئی تو حکم ہوا ٰ۔۔ٓ”اے ایمان والو! خرچ کرو ستھری چیزیں اپنی کمائی میں سے اور اس چیز میں سے کہ جو ہم نے پیداکیا تمہارے واسطے زمین سے۔“۔۔ اس وقت تک تمام عرب اسلام کے جھنڈے کے نیچے جمع نہیں ہوا تھا اس لیے زکوٰة کا کوئی مرتب نظام قائم نہیں ہوا تھا۔ رمضان المبارک ۸ ہجری میں فتح مکہ نے تمام عرب کو ایک سررشتہ میں منسلک کردیا ۔ اس کے بعد نئے سال یعنی محرم ۹ ہجری میں زکوٰة کے تمام احکام اور قوانین مرتب ہوئے اور اس کی تحصیل و تقسیم کے لیے باقاعدہ نظام مقرر ہو۔ مدینہ منورہ میں آکر مسلمانوں کی مستقل مضبوط جماعت بن گئی تو زکوٰة کا لازمی قانون بنا دیا گیا۔اور حضور علیہ الصلوٰة و السلام نے قابل زکوٰة اموال کا تعیین کرکے زکوٰة کی شرائط اور مصارف بیان کرکے اسکی وصولی اور تقسیم کے انتظام کے لیے ایک مستقل شعبہ قائم کیا جو حکومت کی زیر نگرانی مالداروں سے زکوٰة وصول کرکے فقراءمیں تقسیم کرے۔ اب زکوٰة کا معاملہ انفرادی نہیں رہا تھاکہ مالکان خود ہی فقراءمیں تقسیم کردیں۔ بلکہ زکوٰة کی تحصیل و تقسیم کے نظم و ضبط کے لیے ایک مستقل ادارہ مقرر ہوچکا تھا جو حکومت کے زیر نگرانی اس فریضہ کو سرانجام دیتا تھا۔زکوٰة کا معاملہ اجتماعی اور حکومت کا ایک شعبہ ہونے کی سب سے واضح دلیل قرآن پاک کی وہ آیت ہے جس میں زکوٰة کے مصارف بیان کیے گئے ہیں، اس آیت میں مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کا ذکر بھی کیا ہے جو سرکاری سطح پر زکوٰة کی تحصیل و تقسیم کے کام پر مقرر کیے گئے ہیں اور ان کو ”العاملین علیہا“ کا نام دیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے ” ©©زکوٰة جو ہے سو وہ حق ہے مفلسوں کا اور محتاجوں کا اور زکوٰة کے کاموں پر جانے والوں کا“اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ زکوٰة وصول کرنا امام کی ذِمہ داری ہے ۔ ؛ لہٰذا یہ اس بات کی دلیل ہے کہ زکوٰة کا وصول کرنا امام (حاکم) کا حق ہے اورمالکان کا خود ہی فقراءکو دینا جائز نہیں ہے بلکہ زکوٰة حاکم وقت یا اس کے مقرر کردہ عاملین کو دینا ضروری ہے۔ ،، کوئی وصول کنندہ اسے وصول کرتا ہے اور تقسیم کنندہ اسے تقسیم کرتا ہے،، نہ یہ کہ جس پر واجب ہوئی ہے اسی کے اختیار پر چھوڑ دی گئی ہے اس حدیث سے یہ ثابت ہوا ،، کہ حاکم ہی زکوٰة وصول کرنے اور صرف کرنے کا والی ہے یا تو خود یا اپنے نائب کے ذریعے،، لہٰذا جو نہ دے اس سے زبردستی لی جائے گی۔ اور بھی بہت ساری احادیث سے وضاحت ہوتی ہے کہ زکوٰة کی تحصیل و تقسیم اسلامی حکومت کے کاموں میں سے ایک کام ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے بعد خلفاءراشدین و دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عملی کردار سے بھی اسی کی تائید ہوتی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہت سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہما کو مختلف قبائل اور علاقوں کی طرف عامل بنا کر بھیجا تھا۔اور پورے جزیرہ عرب کے مالداروں سے زکوٰة وصول کرکے مستحقین تک پہنچائی جاتی تھی اور یہی وجہ ہے کہ جب کوئی قوم یا قبیلہ اسلام میں داخل ہوتا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ان میں سے ایک آدمی مصدق متعین فرمادیتے جو ان کے اغنیاءسے زکوٰة وصول کرکے فقراءمیں تقسیم کرتا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سرکاری سطح پر زکوٰة وصول کرنے کا نظام قائم ہے اور حکومت بینکوں اور بہت سے مالیاتی اداروں سے زکوٰة وصول کرتی ہے یکم رمضان المبارک سے بینکوں میں جمع رقوم سے زکوٰة منہا کردی گئی ہے تاہم ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ کئی لوگوں نے بینکوں میں غلط سرٹیفیکٹ پیش کرکے زکواة دینے سے دانستہ اجتناب کیا ہے ایسا کرنے والوں کواللہ تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات تو واضح ہوگئی ہے کہ زکوٰة کی وصولی اور تقسیم کا انتظام اسلامی حکومت کی ایک اہم ذِمہ داری ہے اور اسلامی حکومت یہ انتظام ٹھیک ٹھیک شرعی احکام کے مطابق قائم کرنے میں کامیاب ہوجائے تو یہ نفاذِ شریعت کی طرف ایک نہایت مثبت قدم ہوگا۔ مگر حکومت کو ان باتوں کالحاظ رکھنا بے حد ضروری ہے کہ زکوٰة کی وصولی میں کسی مسلمان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو، جس کے ذِمہ جتنی رقم واجب ہے اس سے ایک پائی بھی زائد وصول نہ ہو۔ کیونکہ حدیث پاک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: صدقہ وصول کرنے میں زیادتی کرنے والا ایسا ہی گنہ گار ہے جیسے زکوٰة ادا نہ کرنے والا۔ دوسری بات یہ ہے کہ زکوٰة سے حاصل ہونے والی رقم عین شریعت کے مطابق اس کے صحیح مستحقین تک پہنچ جائے۔ عاملین زکوٰة کو اس بات کا خیال رکھنا ہو گا کہ اس میں کوئی خیانت، خرد برد، بدعنوانی یا شریعت کے احکام سے تجاوز نہ ہونے پائے کیونکہ اس طرح زکوٰة کا مقصد پورا نہیں ہوسکتا۔حکومت سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر مقامی زکواة کمیٹیوں میں عوام میں سے جو زیادہ دیانت دار اور امانت دار اور پرہیزگار ہیں ان ہی کا انتخاب کریں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اور مسلمانانِ پاکستان مل کر اس نظام کو کامیاب اور قابل اعتماد بنائیں تاکہ زکواة کی رقم صحیح حق داروں تک پہنچ پائے۔۔

Short URL: http://tinyurl.com/yyexuvhk
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *