وویک کی کشتی، ہیما جی کا فوٹو شوٹ

Print Friendly, PDF & Email

اداکار وویک اوبرائے کا فلمی کیرئیر بھی طوفان میں گھری کشتی کی طرح ہچکولے کھاتا رہتا ہے کبھی یہ طوفان وہ خود پیدا کرتے ہیں تو کبھی حالات ان کا ساتھ نہیں دیتے۔

2003 میں محبت کے مارے وویک نے سلمان خان کے خلاف پریس کانفرنس کر کے جو غلطی کی تھی بقول ان کے اس کا خمیازہ وہ سالوں تک بھگتتے رہے۔ حالانکہ وویک فلم ‘کمپنی’ اور شوٹ آؤٹ لوکھٹڈ والا جیسی فلمیں میں اپنی صلاحیتیں ضرور دکھا چکے لیکن یا تو انڈسٹری یا پھر حالات نے انکا ساتھ نہیں دیا اور وہ زیادہ تر بیکار ہی رہے۔

حال ہی میں وویک نے بتایا کہ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’بنٹی اور ببلی‘ پہلے انہیں آفر ہوئی تھیں لیکن بات نہیں بن سکی۔

وویک اپنی مبینہ ناکامی کے لیے سلمان خان کو ذمہ دار ٹھرا تے رہے ہیں ساتھ ہی انہیں اپنی ان غلطیوں کا احساس بھی ہے جو انھوں نے سلمان خان کے خلاف کی تھیں۔

بہر حال کافی عرصے بعد انہیں ایک فلم آفر ہوئی تھی ‘پی ایم نریندر مودی’ جلدی جلدی میں انہیں آفر ملا اور جلدی جلدی فلم بھی مکمل کی گئی لیکن اس کی ریلیز جلدی نہیں ہو سکی کیونکہ فلم وزیر اعظم نریندر مودی کی بائیو پِک ہے اور الیکشن سر پر آگیا ہے ایسے میں فلم کی ریلیز مشکل تھی جو اب ناممکن ہو گئی’ اور بیچارے وویک گھوم کر وہیں پہنچ گئے جہاں سے چلے تھے۔

انڈیا میں الیکشن کا ماحول ہے اور بالی ووڈ اور سیاست کا جیسے چولی دامن کا ساتھ ہو گیا ہے کئی بڑی فلمی ہستیاں سیاست کے اکھاڑے میں کودتی آئی ہیں جن میں ہیما مالنی، شتروگھن سنہا کے علاوہ کئی بڑے نام شامل ہیں۔

ہیما جی کی کیا بات ہے۔ پچھلا الیکشن جیتنے کے بعد اپنے حلقے متھرا پورے پانچ سال بعد پہنچیں اور سیدھی کھیتوں میں اتر گئیں اور بھوسے کا گٹھر اٹھا کر فوٹو شوٹ کروایا اس کے بعد سے ہیما جی علاقے کے دورے پر ہیں وہ جہاں کہیں بھی جاتیں جلسے میں چند لوگ اور ڈھیر ساری خالی کرسیاں ان کی منتظر ہوتی تھیں۔

دیکھتے ہیں کہ ہیما جی اور ان کے جیسے ان دوسرے سیاسی ستاروں کا یہ شو ہٹ رہے گا یا فلاپ جو اپنی مقبولیت کی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کی کرسی پر چڑھ تو جاتے ہیں لیکن اس کرسی کی ذمہ داری سے بلکل نا آشنا ہوتے ہیں۔

فلم ’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد سے شاہ رخ خان آج کل یوں تو بڑے پردے سے غائب ہیں لیکن وہ اپنے پروڈکشن اور دیگر پراجیکٹس پر توجہ دے رہے ہیں۔ یعنی پردے کے پیچھے مصروف ہیں۔

دوسرے کبھی کبھی آئی پی ایل میں اپنی ٹیم ‘کولکتہ نائٹ رائڈرز’ کا حوصلہ بڑھاتے دکھائی دیتے ہیں تازہ خبر یہ ہے کہ انھوں نے حال ہی میں اپنی 22 فلموں کے رائٹس ایک چینل کو فروخت کیے ہیں جن میں ان کی کچھ نئی اور کچھ انتہائی کامیاب پرانی فلمیں شال ہیں۔ کسی نے ٹھیک ہی کہا ہے کہ ہاتھی مر کے بھی سوا لاکھ کا ہوتا ہے۔

Short URL: http://tinyurl.com/yxzsgyc6
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *