ن لیگ نے حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا

Print Friendly, PDF & Email

مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کی حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا فیصلہ کیا کہ عوام کے سامنے رکھیں کہ پچھلےایک سال میں معیشت کے ساتھ کیا ہو ا، ایک سال کے دوران روپے کی قدر 27 فیصد کم ہوئی، ایک سال میں روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں قرضے 28 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے اور مہنگائی دوگنی ہو گئی ہے، ملکی تاریخ میں اتنے کم عرصے میں افراط زر میں اتنا زیادہ اضافہ کبھی نہيں ہوا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ آج کے اضافے سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 23، ڈیزل 24 اور ایل پی جی کی قیمت میں 8 فیصد اضافہ ہوا، چینی کی قیمت میں 30 اور آٹے کی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوا، دالوں کی قیمت میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 20 فیصد اور گیس کی قیمت میں 143 فیصد تک اضافہ ہوا، افراط زر کی شرح میں 7 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح میں 92 فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح مہنگائی کی شرح بڑھتی رہی تو 2020 میں یہ 12 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی آمدن میں 400 سے 500 ارب روپے کی کمی متوقع ہے۔ رواں مالی سال میں ٹیکس ریوینیو 4 ہزار ارب روپے تک رہے گا جب کہ جاری اخراجات گزشتہ سال 5 ہزار 800 ارب اور مالی سال 2019 میں7 ہزار ارب تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں 30 فیصد کی کٹوتی کی گئی، اندرونی قرضے 28 ہزار 600 ارب روپے تک پہنچ گئے جب کہ بیرونی قرضے 80 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، شرح نمو کم ہو کر 3 فیصد رہ گئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، ثابت ہوا کہ حکومتی اخراجات میں بھینیسیں اور گاڑیاں بیچنے سے کمی نہيں آسکتی۔

عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں سچ بولنے کی کوئی عادت نہیں اور ہمیں ان سے سچ کی توقع بھی نہيں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کی شرح پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد سے کم ہو کر دو اعشاریہ آٹھ فیصد ہو گئی ہے، لازم ہو چکا ہے کہ حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں، حکومت کو گرانا پڑا تو گرائیں گے۔

Short URL: http://tinyurl.com/y68c5rjs
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *