لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، پاکستانی فوج کا ’پانچ انڈین فوجی ہلاک‘ کرنے کا دعویٰ

Print Friendly, PDF & Email

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان لائن آف کنٹرول پر انڈین فورسز کی فائرنگ کے جواب میں پاکستانی کارروائی سے پانچ انڈین فوجی مارے گئے ہیں۔

یہ بات آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر ایک اعلان میں کہی۔

میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ یہ واقعہ لائن آف کنٹرول کے سیکٹر تتہ پانی میں پیش آیا اور جوابی کارروائی میں انڈین فوج کے متعدد مورچے بھی تباہ ہوئے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی انڈین اور پاکستان افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں پاکستان کے زیرانتظام علاقے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کے آغاز میں انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی فوج نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گشت کرنے والی فوجی پارٹی پر حملہ کر کے دو فوجیوں کو ہلاک اور ان کی لاشیں مسخ کر دی ہیں۔ تاہم پاکستانی فوج نے ان دعوؤں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ایل او سی کے پار کوئی کارروائی نہیں کی۔

انڈین فوج نے فوجیوں کی ہلاکت اور لاشوں کو مسخ کیے جانے کے خلاف کو ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل کی میٹنگ میں بھی پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ انڈین فوج اس واقعے کے لیے اپنے وقت اور منتخب جگہ پر جواب دے گی۔

پاکستان اور انڈیا کے تعلقات اڑی حملے کے بعد سے کشیدہ ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس 18 ستمبر کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں اڑی کے مقام پر انڈین فوجی اڈے پر حملے میں 18 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا جسے پاکستان نے مسترد کردیا تھا۔ اڑی حملے کے بعد انڈیا نے پاکستان میں سرجیکل سٹرائک کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

Short URL: http://tinyurl.com/y9rwt7bc
QR Code: