جھنگ:ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر سرکاری افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ,ڈی سی او جھنگ

Print Friendly, PDF & Email

جھنگ(حبیب الرحمن,تحصیل رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ نے سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔انہوں نے یہ احکامات فلڈ فائٹنگ انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں جاری کئے ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد اویس ملک، ڈی او سی ہارون رشید، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ افسران ریلیف کیمپ میں موجود رہ کر انتظامات کو یقینی بنائیں اور متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے ریلیف کیمپس میں کھانے پینے کی اشیاء اور بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات کے لئے ویکسین ہمہ وقت موجود رکھنے کی تاکید کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام تر ضروری سازوسامان کو تیار رکھا جائے تا کہ ہنگامی صورتحال میں دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔غازی امان اللہ نے کہا کہ انتظامات میں کمی یا کسی محکمے کی طرف سے لاپرواہی نظر آئی تو سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔دوسری جانب تازہ ترین سیلابی صورت حال کے مطابق دریائے چناب میں چنیوٹ پل کے مقام پر پانی کا اخراج تین لاکھ پندرہ ہزار کیوسک جبکہ جھنگ میں ہیڈ تریموں پر پانی کا اخراج ایک لاکھ دس ہزار کیوسک ہو رہا ہے یہی امکان ہے کہ اڑھائی سے پونے تین لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا جھنگ میں تریموں کے مقام سے گزرے گا.

Short URL: http://tinyurl.com/gpuhda4
QR Code: