چیمپیئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 96 رنز سے شکست دے دی

Print Friendly, PDF & Email

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 96 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سری لنکا کو مقررہ 50 اوورز میں 300 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم اس کی پوری ٹیم 42ویں اووز میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

لندن میں اوول کے میدان پر کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے تھے۔

300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے ڈکویلا اور تھرنگا نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 69 رنز بنانے کے بعد ڈکویلا مورنی مورکل کی گیند پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

لیکن اس کے بعد وقفے وقفے سے سری لنکن وکٹیں گرتی رہیں۔ کوسل مینڈس 11 اور چندی مل 12 اور کپوگیدیرا کو صفر پر آوٹ ہوئے۔

اپل تھرنگا نے57 رنز بنائے تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی سری لنکن بیٹسمین جنوبی افریقی بولرز کا جم کر سامنا نہ کر سکا۔ گنارتنے چار، پرسنا 13، لکمل صفر اور ملنگا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے چار، مورس نے دو جبکہ ربادا اور مورکل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی 25 ویں سینچری مکمل کی اور 102 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 44 کے مجموعی سکور پر گری جب ڈی کاک 23 رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

فف ڈو پلیسس نے چار چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور ہاشام آملہ کے ساتھ مل کر 145 رنز کی شراکت قائم کی۔

دوسری وکٹ 189 کے مجموعی سکور پر گری جب ڈو پلیسس 75 رنز بنا کر پردیپ کی دوسری وکٹ بنے۔ اس کے اگلے ہی اوور میں پرسنا نے کپتان اے بی ڈیویلیئرز کو چار کے انفرادی سکور پر پویلین بھیج دیا۔

ملر 18 جبکہ مورس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پردیپ نے دو جبکہ لکمل اور پرسنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لندن میں اوول کے میدان پر کھیلے جارہے میچ میں ایجنلو میتھیوز کی عدم موجودگی میں سری لنکن ٹیم کی قیادت اپل تھرانگا کر رہے ہیں جبکہ لیستھ ملنگا کی بھی ٹیم میں تقریبا دو برس بعد واپس ہوئی ہے۔

جمعے کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے جبکہ افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Short URL: http://tinyurl.com/ybas2w48
QR Code: