آرمی ٹرینرز نے کرکٹرز کی فٹنس بہتر کی ہے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین یونس خان اور پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی نگرانی میں ہونے والے فٹنس کیمپ کو کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند قرار دیا ہے۔ دونوں بلے بازوں کا کہنا ہے کہ اس سے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں تمام کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس بہتر بنانے میں بہت مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کا یہ کیمپ پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی زیرِنگرانی کاکول میں جاری ہے۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ جب تمام کرکٹرز اس کیمپ میں شرکت کے لیے آئے تو ان کے ذہنوں میں کئی سوالات موجود تھے اور وہ کسی حد تک پریشان بھی تھے کہ یہ کیمپ کس طرح ہوگا اور کتنی سخت ٹریننگ سے تمام کرکٹرز کو گزارا جائےگا؟ ’اس میں شک نہیں کہ فٹنس کے لیے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا پڑی ہے لیکن اس سے ان ہی کو فائدہ ہوا ہے۔‘ یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ اس سے پہلے بھی دو مرتبہ کاکول میں فٹنس کیمپ میں شریک ہوچکے ہیں لیکن موجودہ کیمپ بہت مختلف رہا ہے۔ ٹیسٹ بیٹسمین یونس خان نے کہا کہ جس طرح آرمی کے ٹرینرز نے کھلاڑیوں کو فٹنس ٹریننگ کرائی ہے وہ یہ سوچتے ہیں کہ کاش وہ اپنی نوجوانی میں یہاں آکر اس طرح کے کیمپس اور ٹریننگ میں شریک ہوتے تو آج جتنے وہ فٹ ہیں اس سے کہیں زیادہ فٹ ہوتے۔ پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کے نتیجے میں تمام کھلاڑیوں کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ان کے مطابق: ’تمام کرکٹرز نے اس کیمپ سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ پاکستان آرمی کے ٹرینرز نے تمام کھلاڑیوں پر بہت زیادہ توجہ دی ہے اور انھیں فٹنس کی بنیادی باتیں سکھائی ہیں اگر وہ انھیں کام میں لاتے رہے تو ان کے بہت کام آئیں گی۔
(بشکریہ: بی بی سی اُردو)
1,156 total views, 2 views today
Leave a Reply