پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دے دی

Print Friendly, PDF & Email

دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کراچی کنگز کی پوری ٹیم لاہور قلندرز کی جانب سے دیے جانے والے 139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے آخری اوور پھینکنے والے راحت علی نے کراچی کنگز کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کے بولر حارث رؤف نے 17 ویں اور 19 ویں اوور میں کراچی کنگز کے دو، دو بلے بازوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔

حارث رؤف نے اپنی ٹیم کی جانب سے 19 ویں اوور مسلسل دو گیندوں پر کراچی کنگز کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انھوں نے 19 اوور میں پہلے عماد وسیم کو یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا اور پھر اگلی ہی گیند پر سہیل خان کو بولڈ کر دیا۔

حارث رؤف نے میچ کے 17 ویں اوور میں بھی کراچی کنگز کے دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انھوں نے پہلے روی بوپارہ کو فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا اور پھر محمد رضوان کو بولڈ کر دیا۔

حارث رؤف کو ان کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا کر کراچی کنگز کو جیتنے کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 64 رنز کے مجموی سکور پر گری جب سہیل اختر 39 رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بنا پائے۔

اے بی ڈی ویلیئرز کا جادو بھی نہ چل پایا اور وہ تین رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی برینڈن ٹیلر تھے جو 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ اینٹون ڈیوسچ 28 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عمر خان نے عمدہ بولنگ کی اور 25 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا اس سے قبل پی ایس ایل میں چھ بار آمنا سامنا ہو چکا ہے اور کراچی کنگز کو ان میں سے چار میچوں میں کامیابی ملی جبکہ لاہور قلندرز دو بار فاتح رہی۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Short URL: http://tinyurl.com/y6hser7u
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *