پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: ورلڈ کپ کی تیاریاں زور و شور پر

Print Friendly, PDF & Email

متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز آج ہوگا اور پہلا میچ شارجہ کے میدان پر کھیلا جارہا ہے۔ اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

دنیا کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ورلڈ کپ 2019 صرف دو ماہ کی دوری پر ہے جس کے باعث اس سیریز نے بہت اہمیت اختیار کرلی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیوں کے منتظمین اس سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا قریب سے معئنہ کریں گے تاکہ اپنے ورلڈ کپ سکواڈ کو حتمی شکل دی جاسکے۔

ان دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی طرز کی سیریز اکتوبر میں کھیلی گئی تھیں جس میں پاکستان نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے فتح حاصل کی اور ٹی توئنٹی سیریز بھی 3-0 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

دونوں کرکٹ بورڈ نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ ون ڈے سیریز کا انعقاد مارچ میں کیا جائے تاکہ دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کرنے کا موقع مل سکے۔

اس سیریز کی خصوصی بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور قیادت کی ذمہ داری ان میچوں کے لیے شعیب ملک کو سونپ دی گئی ہے۔

سرفراز احمد کے علاوہ دیگر پانچ کھلاڑیوں فخرزمان، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ون ڈے ٹیم میں جو کھلاڑی پہلی بار منتخب کیے گئے ہیں ان میں محمد عباس، عابد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

یاد رہے کہ شعیب ملک نے دورہ جنوبی افریقہ میں سرفراز احمد پر عائد کی گئی پابندی کے بعد دو ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں قیادت کی ذمہ داری نبھائی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی گذشتہ ون ڈے سیریز میں حیران کن طور پر انڈیا کو 3-2 سے شکست دے دی جس کی توقع کرکٹ ماہرین کو نہیں تھی خصوصاً جب آسٹریلیا کو سیریز کے پہلے دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سیریز میں ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ کو شامل نہیں کیا گیا حالانکہ دونوں کھلاڑیوں پر لگی پابندی کی مدت سیریز کے تیسرے میچ میں ختم ہوجائے گی۔

آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز متحدہ عرب امارات میں 22 سے 31 مارچ تک کھیلی جائے گی۔

پاکستان کے خلاف آسٹریلوی اسکواڈ کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ہینڈس کومب، شان مارش، مارکس اسٹونس، ایشٹن ٹرنر، گلین میکسویل، پیٹ کمنس، جیسن بینڈروف، جے رچرڈسن، نیتھن لائن، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل پر مشتمل ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے جب کہ 16 رکنی قومی سکواڈ میں امام الحق، عابد علی، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

Short URL: http://tinyurl.com/y6mdspc7
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *