ٹی 20 کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی جیت کے روشن امکانات

Print Friendly, PDF & Email

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو لاہور میں روز کھیلا جا رہا ہے۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور دوسرے میچ میں کامیابی کے نتیجے میں دسمبر 2013 کے بعد یہ پہلی ون ڈے سیریز ہو گی جو پاکستان جیتے گا۔ پاکستان ٹیم کے کوچ وقار یونس کے لیے بھی یہ جیت اس لیے اہمیت کی حامل ہو گی کیونکہ دوسری مرتبہ کوچ بننے کے بعد سے وہ لگاتار پانچ ون ڈے سیریز ہار چکے ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس وقت عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے اور خطرہ ہے کہ کہیں جون 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی سے باہر نہ ہو جائے۔ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لینا ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں 41 رنز سےکامیابی حاصل کی تھی لیکن پاکستانی سرزمین پر اپنا سب سے بڑا سکور 375 رنز بنانے کے باوجود اسے زمبابوے کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ زمبابوے نے پاکستان کے جواب میں 334 رنز بنائے تھے جو کسی بھی ٹیسٹ ٹیم کےخلاف اس کا سب سے بڑا سکور ہے۔ زمبابوے کی اس عمدہ مزاحمتی کارکردگی میں کپتان ایلٹن چگمبورا کی اولین ون ڈے سنچری شامل تھی لیکن وہ سلو اوور ریٹ کی وجہ سے دو میچوں کے لیے معطل کر دیے گئے ہیں اور ان کی جگہ کپتانی ہملٹن مازا کادسا سپرد کی گئی ہے۔ کریگ ارون بھی ہمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب دوسرے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں حماد اعظم کی جگہ جنید خان کی شمولیت کا امکان ہے۔ احمد شہزاد جو پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے فٹ ہوگئے ہیں، تاہم اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستانی ٹیم محمد حفیظ اور کپتان اظہرعلی سے ہی اننگز کا آغاز کرے گی۔

(بشکریہ: بی بی سی اُردو)

Short URL: http://tinyurl.com/hr8wn73
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *