ممبئی میں مخالفت، غلام علی نے دہلی کی دعوت قبول کر لی

Print Friendly, PDF & Email

پاکستان کے مشہور غزل گلوکار غلام علی نے ممبئی میں پروگرام منسوخ کیے جانے کے بعد دہلی میں پرفارمنس کی دعوت قبول کر لی ہے۔ اس سے پہلے سخت گیر ہندو نظریاتی جماعت شیوسینا کی ممبئی میں مشہور غزل گائیک جگجیت سنگھ کی یاد میں ہونے والے پروگرام غلام علی کی شرکت پر اعتراض کے بعد اس پروگرام کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ممبئی میں پروگرام کے منسوخ ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر غلام علی کی دسمبر میں ایک پروگرام میں گائیکی کی دعوت قبول کرنے کی خبر دی ہے۔ ’غلام علی صاحب ہم آپ کے بہت بڑے مداح ہیں، ابھی آپ سے بات کر کے بہت اچھا لگا، آپ کا دسمبر میں دہلی ایک پروگرام کرنے پر رضامندی کا بہت شکریہ۔‘ تاہم دہلی میں اس پروگرام کی تاریخ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ ممبئی میں پروگرام کے منسوخ کیے جانے کے اعلان کے فوری بعد دہلی میں حکمراں جماعت عام پارٹی نے کہا تھا کہ شیوسینا نے نہ صرف غلام علی کی توہین کی ہے بلکہ بھارت کے غزل جگجیت سنگھ کی بھی بےعزتی کی ہے۔ پروگرام کے منسوخ ہونے سے پہلے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنويس نے غلام علی کو مکمل تحفظ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ایک مراٹھی چینل سے بات کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا تھا کہ سکیورٹی دینا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور غلام علی کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔ تاہم ان کی یقین دہانی کے باوجود منتظمین نے پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شیوسینا کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ’پاکستان ہمیشہ سے ہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتا رہتا ہے اور ہندوستان وہاں کے فنکاروں کو سر آنکھوں پر بٹھاتا ہے۔ یہ اب نہیں چلے گا۔ ہم ممبئی میں کسی بھی پاکستانی فن کار کا کوئی پروگرام نہیں ہونے دیں گے۔‘ خیال رہے کہ ماضی میں بھی شیوسینا پاکستانی فنکاروں کے خلاف مظاہرے کرتی رہی ہے اور اس احتجاج کی وجہ سے متعدد پاکستانی فنکاروں کو اپنا کام ادھورا چھوڑ کر بھارت سے جانے پر مجبور بھی ہو چکے ہیں۔

(بشکریہ: بی بی سی اُردو)

Short URL: http://tinyurl.com/z42o23w
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *