سوناکشی اب ٹی وی پر اور پریم چوپڑہ کی شکایتیں

Print Friendly, PDF & Email

بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا فلموں کے بعد اب ٹی وی پر نظر آنے والی ہیں۔ سوناکشی سنہا بچوں کی گلوکاری کے فن کو پیش کرنے والے ریئلٹی شو ’انڈین آئیڈل جونیئر‘ میں جج کے فرائض انجام دیں گی۔  سوناکشی سنہا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اس پروگرام میں اپنی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ججز میں سوناکشی کے علاوہ وشال دادلانی اور سلیم مرچنٹ بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ بھی دل سے بچہ ہیں اور وہ بچوں کی حیرت انگیز صلاحیتوں کو دیکھنے کی خواہشمند ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس لیے یہ شو ان کے لیے بہت مناسب اور وہ باصلاحیت بچوں سے ملنے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں۔ دوسری جانب ان کی آنے والی فلم ’اکیرا‘ ہے جو خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق سے متعلق کہانی پر مبنی ہے۔ اس فلم میں سوناکشی کے والد شتروگھن سنہا بھی کام کر رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب باپ اور بیٹی ایک ساتھ پردے پر نظر آئیں گے۔

کنگنا کا خیال ہے کہ مردوں اور خواتین میں جنسی امتیاز پیدا نہیں کرنا چاہیے

کنگنا کا دیپکا کے ویڈیو پر رد عمل

بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون کے خواتین کو بااختیار بنانے کی کوشش والے تازہ ویڈیو پر دو بار نیشنل انعام یافتہ اداکارہ کنگنا راناوت نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’خواتین کو بااختیار بنانے کا مطلب یہ نہیں کہ مردوں میں کسی طرح کا کمپلکس پیدا کیا جائے اور پھر مردوں کو بااختیار بنانے کے لیے مزید 20 سال لگایا جائے۔‘ تاہم انھوں ایسی کسی بھی کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’دونوں کو ایک روح ایک قالب کے طور پر، انسان کے طور پر ہونا چاہیے۔ اس سے یہ نہ لگے کہ آپ کسی جنس کے تعلق سے متعصب ہوں۔‘ انھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انھوں نے ویڈیو ’مائی چوائس‘ نہیں دیکھی ہے تاہم انھیں ’اس بات پر خوشی ہے کہ لوگ اپنے طور پر تعاون کر رہے ہیں۔‘ فی الحال کنگنا اپنی فلم ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کے پروموشن میں مشغول ہیں۔ اس سے قبل وہ کرن جوہر کی فلم ’انگلی‘ میں نظر آئی تھیں۔

500 سے زیادہ فلموں میں کام کرنے کے باوجود پریم چوپڑہ کو ابھی تک اپنا من پسند رول نہیں ملا ہے

پریم چوپڑہ کو دل پسند کردار نہیں ملا

بالی وڈ کے معروف ولن پریم چوپڑہ نے 50 سال سے زیادہ کا عرصہ فلم انڈسٹری میں گزارے ہیں اور اپنی اداکاری سے ناظرین کو بہت متاثر بھی کیا ہے۔ تاہم انھیں فلم انڈسٹری سے کئی شکایتیں ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ بالی وڈ وقت کا پابند نہیں اور دوسرے یہ کہ انھیں ابھی تک دل پسند کردار نہیں ملا ہے۔ پریم چوپڑہ ویسے تو فلم انڈسٹری میں ہیرو بننے آئے تھے لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ وہ کہتے ہیں: ’یہاں ہر کوئی ہیرو بننے ہی آتا ہے لیکن ہیرو کی قسمت بھی پکچر ہٹ ہونے پر منحصر ہوتی ہے۔ اگر فلمیں پیسہ نہیں كماتیں تو ہیرو کا کریئر بھی چھوٹا ہو جاتا ہے کیونکہ یہاں فلم ہٹ ہو یا فلاپ اس کا سہرا ہیرو کو ہی ملتا ہے ولن کو نہیں۔‘ 500 سے زیادہ فلموں میں کام کرنے کے باوجود پریم چوپڑہ کو ابھی تک اپنا من پسند رول نہیں ملا ہے۔ پریم چوپڑہ ہالی وڈ کی مشہور فلم ’گاڈ فادر‘ کے مارلن برانڈو کے جیسا کردار نبھانا چاہتے ہیں۔ اگرچہ ڈان کا کردار ان کو ملتا رہا ہے لیکن انھیں امید ہے کہ گاڈ فادر جیسا کردار بھی انھیں ملے گا۔

Short URL: http://tinyurl.com/h55x97a
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *