حضرت فاروق اعظمؓ کا نظام عدل قیامت تک محیط رہے گا ، مفتی اعظم برطانیہ محمد گل رحمن قادری

Print Friendly, PDF & Email

آپؓ نے دنیا میں سب سے پہلے سوشل ویلفیئر ، پولیس ، افواج ، محکمہ ڈاک اور تعلیم کا با ضابطہ نظام متعارف کروایاجس سے عام آدمی کو نفع پہنچا
امت مسلمہ کے لیے نئے اسلامی سال کا یہی پیغام ہے کہ ہر شخص سچی توبہ کے بعد صراط مستقیم کا علمبردار بن جا ئے ، پیر محمد طیب الرحمن قادری


برمنگھم ( ایس ایم عرفان طا ہر سے ) حضرت فاروق اعظمؓ کا نظام عدل قیامت تک محیط رہے گا ،آپؓ نے دنیا میں سب سے پہلے سوشل ویلفیئر ، پولیس ، افواج ، محکمہ ڈاک اور تعلیم کا با ضابطہ نظام متعارف کروایا ، توحید و رسالت پر پہرا دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانیا ں دینے والے مسلمان کبھی بھی دہشتگردی و انتہا پسندی کا راستہ نہیں اپنا سکتے ہیں ان خیالا ت کا اظہا ر سرپرست اعلیٰ جما عت اہل سنت و مفتی اعظم برطانیہ محمد گل رحمن قادری نے قادریہ ٹرسٹ مسجد و کمیونٹی ایجوکیشن سنٹر میں یوم شہادت خلیفہ دوم کے حوالہ سے محفل پاک کے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہو ں نے کہاکہ اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی محبت اور قرب حاصل کرنے کے لیے ہمیں صحابہ کرامؓ کی زندگیوں کی پیروی کرنا ہو گی ۔ انہو ں نے کہاکہ حقیقی عشق رسول ﷺ ہی دنیا میں امن و سلامتی ایثار صبر و برداشت اور عدل و انصاف کا معیار ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے چیئرمین قادریہ ٹرسٹ برطانیہ صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری نے کہاکہ ذو الحجہ یعنی اسلامی سال کے آخر میں حضرت ابراہیم ؑ کے صاحبزادے حضرت اسماعیل ؑ کی قربانی اور پھر محرم الحرام اسلامی سال کے آغاز میں حضرت عمر فاروقؓ اور دس محرم کو حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی تاریخ گواہ ہے کہ مسلم امہ کا اسلامی دور شروع بھی قربانیوں سے ہوتا ہے اور اسکا اختتام بھی قربانیوں سے منصوب ہے ۔انہو ں نے کہاکہ حضرت عمر فاروقؓ کا نظام عدل آج بھی دنیا کے مختلف ممالک میں چلتا ہو ا دکھائی دے رہا ہے جس سے عام لوگ بھرپور فائدہ حاصل کررہے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ امت مسلمہ کے لیے نئے اسلامی سال کا یہی پیغام ہے کہ ہر شخص سچی توبہ کے بعد صراط مستقیم کا علمبردار بن جا ئے ۔ انہو ں نے کہاکہ صحابہ اکرام نے عدل کا نظام قائم کیا اسکی وجہ سے غیر مسلموں کو بھی اپنا مذہب چھوڑ کر دین اسلام کی حقانیت اور صداقت پر سر تسلیم خم کرنا پڑا ۔ انہو ں نے کہاکہ دین اسلام کی سربلندی اور اسکے حقیقی عروج کے لیے ہمیں شائر اسلام پر مکمل پہرا دینا پڑے گا ۔ انہو ں نے کہاکہ عشق رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو صحابہ کرامؓ کے طریقہ پر چلا نے کی عملی زندگی میں کوشش کریں اسی میں ہما ری بقاء اور فلا ح و نجات ممکن ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد خالد ،علامہ محمد الطاف حسین، رانا محمد عمر ، محمد ناصر ، قاری محمد علی قادری ، حاجی عبد المجید قادری ، حاجی منیر حسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔تقریب کے اختتام پر شرکاء محفل میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا ۔

Short URL: http://tinyurl.com/jpgwgzn
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *