اظہر علی پاکستانی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر

Print Friendly, PDF & Email

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مصباح الحق بدستور ٹیسٹ اور شاہد آفریدی ٹی 20 ٹیموں کی کپتانی کرتے رہیں گے۔ ان کے تقرر کا اعلان پیر کو بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ بطور چیئرمین کپتان کی تقرری ان کا حق ہے تاہم انھوں نے اس سلسلے میں مشاورت کی اور زیادہ تر افراد کی رائے بھی اظہر علی کے حق میں ہی تھی۔ شہریار خان نے تسلیم کیا کہ اظہر علی دو برس سے پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں تاہم انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل منعقدہ پینٹیگولر کپ میں اظہر علی نے بطور کپتان عمدہ قائدانہ صلاحیت دکھائی۔ شہریار خان نے پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو اظہر علی کی نیابت سونپنے کے علاوہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا نائب کپتان بھی مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ پاکستانی ون ڈے ٹیم کے 30 سالہ نومنتخب کپتان اظہر علی نے 14 ون ڈے میچوں میں 41.09 کی اوسط سے 452 رنز بنائے ہیں۔ ان کا بہترین سکور 96 ہے جو انھوں نے سنہ 2012 میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ کپتان بننے سے قبل اظہر علی نے اپنا آخری ایک روزہ میچ جنوری 2013 میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔

وکٹ کیپر سرفراز احمد ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئٹی ٹیموں کے نائب کپتان ہوں گے

نئی سلیکشن کمیٹی

پریس کانفرنس میں کپتان اور نائب کپتان کے اعلان کے علاوہ شہریار خان نے نئی سلیکشن کمیٹی کا بھی اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ معین خان کی جگہ ہارون رشید کو سلیکشن کمیٹی کا نیا سربراہ بنانے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ سلیکشن کمیٹی میں سلیم جعفر، اظہر خان اور افغانستان کے سابق کوچ کبیر خان شامل ہوں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب سلیکشن کمیٹی کے ارکان کل وقتی طور پر کام کریں گے اور انھیں اس کے ساتھ کوئی اور عہدہ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہریار خان نے اس موقع پر ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے والے مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ ورلڈکپ کےحوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو فٹنس کے مسائل درپیش رہے جبکہ ورلڈ کپ میں وہی ٹیمیں کامیاب رہیں جن کی فٹنس بہترین تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں بالنگ کا شعبہ بہترین رہا جس کا سہرا کوچ وقار یونس کو جاتا ہے۔

Short URL: http://tinyurl.com/z5kymul
QR Code:


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *