پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کلائی میں فریکچر کے سبب دورۂ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ تھے۔ سیلیکشن کمیٹی نے ان کی جگہ سعد نسیم کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہیں۔ صہیب مقصود نے منگل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے پہلے ہی دن کلائی میں تکلیف کی شکایت کی جس پر فریکچر کا پتہ چلا۔ واضح رہے کہ صہیب مقصود کی یہ تکلیف ورلڈ کپ سے پہلے کی تھی تاہم وہ فٹ قرار دیے جانے کے بعد ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔ ورلڈ کپ میں صہیب مقصود کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی اور وہ چھ اننگز میں صرف 153 رنز بناسکے تھے جس میں صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک نصف سنچری شامل تھی۔ صہیب مقصود کی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد سلیکشن کمیٹی نے سعد نسیم کو ون ڈے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ سعد نسیم گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے تھے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 11 اپریل تک جاری رہے گا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم 13 اپریل کو ڈھاکہ پہنچے گی۔
صہیب مقصود بنگلہ دیش دورے سے باہر
انٹرنیٹ پہ سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین
loading...
Leave a Reply